قومی

عیسائی خاندانوں پر حملے، مذہب تبدیل کرنے کیلئے دباؤ۔سرکاری سہولتوں سے محروم کرنے کی دھمکیاں

مغربی بنگال کے دو اضلاع، پوربا مدنی پور اور پشچم مدنی پور، میں عیسائی خاندانوں نے حملوں، دھمکیوں اور اپنا مذہب ترک کرنے کے لیے دباؤ ڈالے جانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ہندوتوا تنظیموں سے وابستہ افراد نے ان پر تشدد کیا اور انہیں ہندو مذہبی رسومات اختیار کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔

کولکتہ: مغربی بنگال کے دو اضلاع، پوربا مدنی پور اور پشچم مدنی پور، میں عیسائی خاندانوں نے حملوں، دھمکیوں اور اپنا مذہب ترک کرنے کے لیے دباؤ ڈالے جانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ہندوتوا تنظیموں سے وابستہ افراد نے ان پر تشدد کیا اور انہیں ہندو مذہبی رسومات اختیار کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔

تازہ واقعہ پوربا مدنی پور کے پانسکورا علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک عیسائی خاندان نے الزام لگایا ہے کہ وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے ارکان ہونے کا دعویٰ کرنے والے 30 سے زائد افراد پیر کی شب ان کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے، اہل خانہ پر حملہ کیا اور سرکاری سہولتوں سے محروم کرنے کی دھمکیاں دیں۔

حملے میں زخمی ہونے والی پاروتی ہیمبرم سورین نے کلیرین انڈیا کو بتایا کہ ان کا خاندان مل کر عبادت کی تیاری کررہا تھا کہ مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت افراد زبردستی گھر میں داخل ہوگئے۔انہوں نے بتایا، ”انہوں نے میرے بال پکڑ کر مجھے مارا۔ وہ کہہ رہے تھے کہ ہمیں اس گھر میں رہنے نہیں دیں گے۔ میرے شوہر کو انتہائی نازیبا الفاظ کہے گئے۔

ہمارے رشتہ دار بھی وہاں موجود تھے اور انہوں نے میری بہنوں کو بھی مارا۔ وہ ہمارے موبائل فون چھیننے کی کوشش کررہے تھے۔“سورین کے مطابق یہی افراد اس سے قبل 11 اکتوبر کو بھی عیسائیت اختیار کرنے کی وجہ سے ان کے خاندان کو دھمکا چکے تھے۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آور شام سات سے نو بجے کے درمیان اس وقت آئے جب اندھیرا ہوچکا تھا۔

انہوں نے اپنے موبائل فون سے ان کی آمد کی ویڈیو بنائی، لیکن حملہ آوروں نے مبینہ طور پر فون چھین کر ویڈیو حذف کردی۔ بعد ازاں پولیس کی مدد سے انہیں اپنا فون واپس ملا۔پاروتی سورین نے کہا، ”وہ ہم پر عیسائیت چھوڑ کر دوبارہ ہندو مذہب اختیار کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ہم نے انہیں بتایا کہ ہم نے اپنی مرضی سے عیسائیت قبول کی ہے اور اپنے مذہب پر عمل کررہے ہیں۔

اسی وجہ سے ہمیں مارا پیٹا جارہا ہے۔“ان کا مزید الزام ہے کہ حملہ آوروں نے گھر کے صحن میں تلسی کا چبوترہ اور ہندو دیوی منسا کا مندر تعمیر کرنے کے لیے بھی دباؤ ڈالا۔انہوں نے کہا، ”ہم نے انہیں بتایا کہ ہم عیسائی ہیں اور ایسا نہیں کریں گے۔“خاندان کے مطابق حملہ آوروں نے دھمکی دی کہ مقامی لوگوں کو انہیں ملازمت دینے سے روکا جائے گا، ان کے بجلی اور پانی کے کنکشن منقطع کروائے جائیں گے اور راشن کے علاوہ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت ملنے والی سہولتیں بھی بند کرادی جائیں گی۔

پاروتی سورین نے کہا، ”وہ سب کو دھمکا رہے ہیں تاکہ کوئی ہماری مدد نہ کرے۔“واقعے کے وقت ان کے شوہر، دو کمسن بچے اور تین رشتہ دار گھر میں موجود تھے۔ خاندان کا الزام ہے کہ ان کی عبادت گاہ کو آگ لگائی گئی اور توڑ پھوڑ کی گئی، جب کہ اہل خانہ کو گھسیٹ کر باہر نکالا گیا اور مارا پیٹا گیا۔پاروتی سورین کے مطابق ان کی بھاوج کو تھپڑ مارا گیا اور شوہر کو زبانی طور پر ہراساں کیا گیا۔ حملہ آوروں نے دھمکی دی کہ وہ 50 سے 100 افراد کے ساتھ دوبارہ آئیں گے اور ان پر پھر حملہ کریں گے۔

انہوں نے بتایا، ”ہم نے شکایت درج کرائی ہے، لیکن پولیس نے اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی۔“خاندان نے تحفظ کے پیش نظر اپنا گھر چھوڑ دیا ہے اور ایک رشتہ دار کے یہاں پناہ لی ہے۔پاروتی سورین نے بتایا کہ ان کے شوہر الیکٹرک رکشہ چلاتے ہیں، جسے خریدنے کے لیے انہوں نے دو لاکھ روپے کا قرض لیا تھا۔انہوں نے کہا، ”مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ اس صورتِ حال میں ہم اپنی حفاظت کیسے کریں گے اور قرض کیسے ادا کریں گے۔‘