قومی
ٹرینڈنگ

اُجین میں مسجد، شاہی مقبرہ اور درجنوں مزارات شہید

مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں سنگھ استھ 2028 کی تیاریوں کے سلسلے میں ہفتہ 21 نومبر کی علی الصبح انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت ایک مسجد، شاہی مقبرہ، ایک درجن سے زائد مزارات اور مسجد کے متولی سے وابستہ مکانات منہدم کردیے گئے۔

نئی دہلی:ـ مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں سنگھ استھ 2028 کی تیاریوں کے سلسلے میں ہفتہ 21 نومبر کی علی الصبح انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت ایک مسجد، شاہی مقبرہ، ایک درجن سے زائد مزارات اور مسجد کے متولی سے وابستہ مکانات منہدم کردیے گئے۔ کلیرین انڈیا کے مطابق یہ کارروائی مادھو نگر ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے اراضی خالی کرانے کے نام پر انجام دی گئی۔

یہ انہدامی کارروائی صبح تقریباً 4 بجے ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 8 کے قریب شروع ہوئی۔ تقریباً 15 ہزار مربع فٹ اراضی خالی کرانے کے لیے چھ جے سی بی مشینیں لگائی گئیں۔ کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر پولیس فورس تعینات رہی، جس میں ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کے 100 سے زائد، گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کے تقریباً 50 اور سول پولیس کے 100 سے زائد اہلکار شامل تھے۔

اس کارروائی پر وقف کمیٹی نے سخت اعتراض کرتے ہوئے اس کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا ہے۔ کمیٹی کا الزام ہے کہ اراضی کی ملکیت کا تنازع زیرِ سماعت ہونے کے باوجود مذہبی مقامات اور املاک کو منہدم کردیا گیا۔وقف کمیٹی کے چیئرمین قاضی مولانا عارف ندوی نے الزام عائد کیا کہ ریلوے حکام نے مسجد قلندری، شاہی مقبرہ، ایک درجن سے زائد مزارات اور مسجد کے متولی کی رہائش گاہ کو منہدم کیا ہے۔ندوی کے مطابق اراضی کا تنازع اب بھی بھوپال وقف ٹریبونل میں زیرِ سماعت ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ایک شخص کو غلط طور پر کرایہ دار قرار دے کر علی الصبح اچانک انہدامی کارروائی انجام دی گئی۔وقف کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس کارروائی کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی اور متعلقہ حکام کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرے گی۔دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متنازعہ اراضی ریلوے کی ملکیت ہے اور ہائی کورٹ کی جانب سے حکمِ امتناعی خارج کیے جانے کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔

حکام کے مطابق مبینہ تجاوزات ہٹانے کے لیے اس سے قبل متعدد نوٹس بھی جاری کیے جاچکے تھے۔اجین میں آر پی ایف کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر نریندر یادو نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے حکم کی تعمیل میں تین مقامات پر کارروائی کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق آپریشن کے لیے 100 سے زائد آر پی ایف اہلکار، تقریباً 50 جی آر پی اہلکار اور 100 سے زائد سول پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ انہدامی کارروائی کے لیے کھدائی کی مشینوں، جے سی بی اور ملبہ منتقل کرنے والی گاڑیوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

رتلام ریلوے ڈویڑن کے تعلقاتِ عامہ کے افسر مکیش پانڈے نے بھی دعویٰ کیا کہ یہ اراضی ریلوے کی ہے اور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ مقامی حکام اور آر پی ایف کے تعاون سے تجاوزات ہٹا رہی ہے۔

اس اراضی کو آئندہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے استعمال کیا جائے گا اور مسافروں کی سہولتیں بہتر بنانے کے لیے تعمیراتی کام انجام دیا جائے گا۔ریلوے حکام کے مطابق خالی کرائی گئی اراضی پر مسافروں اور عقیدت مندوں کے لیے قیام و انتظار کی سہولتیں تیار کی جائیں گی، تاکہ سنگھ استھ 2028 کے دوران اجین آنے والے لاکھوں زائرین کی بھیڑ کو منظم کیا جاسکے۔