فلپائن میں کشتی الٹنے سے 15 افراد ہلاک، 316 کوبچالیا گیا
عرب نیوز کے مطابق کشتی میں عملے کے 27 ارکان سمیت 350 مسافر سوار تھے، کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق ایم وی ٹریشا کرسٹن 3 نامی فیری زمبوانگا شہر سے صوبہ سولو کے جزیرہ جولو جا رہی تھی، کہ اچانک تکنیکی خرابی کے سبب باسیلان صوبے کے قریب سمندر میں ڈوب گئی۔
منیلا: فلپائن میں کشتی الٹنے سے 15 افراد ہلاک اور 28 لاپتہ ہو گئے ہیں۔
جنوبی فلپائن میں پیر کی رات المناک حادثہ پیش آیا ہے، ایک کشتی الٹنے سے پندرہ مسافر ڈوب گئے، ریسکیو اہلکاروں نے 316 مسافروں کو بچا لیا تاہم لاپتہ اٹھائیس مسافروں کی تلاش جاری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کشتی میں عملے کے 27 ارکان سمیت 350 مسافر سوار تھے، کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق ایم وی ٹریشا کرسٹن 3 نامی فیری زمبوانگا شہر سے صوبہ سولو کے جزیرہ جولو جا رہی تھی، کہ اچانک تکنیکی خرابی کے سبب باسیلان صوبے کے قریب سمندر میں ڈوب گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت موسم صاف تھا، کوئی طوفان یا اونچی لہریں نہیں تھیں، گورنر باسیلان کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق وہ اس بات کا تعین کریں گے کہ کشتی میں تکنیکی خرابی کیسے پیدا ہوئی اور آیا حفاظتی معیارات میں کوئی کوتاہی تو نہیں کی گئی تھی۔
فلپائنی کوسٹ گارڈ کے مطابق بحری جہاز نے پیر کی صبح زمبوانگا شہر سے روانہ ہونے کے تقریباً چار گھنٹے بعد ایک پریشانی کا سگنل جاری کیا تھا۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے آپریشن میں کوسٹ گارڈ کا طیارہ، بحریہ اور فضائیہ کے بھی اثاثے کام کر رہے ہیں۔