دہلی

گریٹر نوئیڈا کی سوسائٹی میں آلودہ پانی پینے سے 200 افراد بیمار

گریٹر نوئیڈا کی ایک سوسائٹی میں رہنے والے 200 افراد مبینہ آلودہ پانی پینے سے بیمار ہوگئے۔ یہ واقعہ پیر کو اس وقت منظرعام پر آیا جب سوپرٹیک ایکو ولیج 2 میں رہنے والے کئی افراد نے قئے اور پیٹ درد کی شکایت کی۔

نئی دہلی: گریٹر نوئیڈا کی ایک سوسائٹی میں رہنے والے 200 افراد مبینہ آلودہ پانی پینے سے بیمار ہوگئے۔ یہ واقعہ پیر کو اس وقت منظرعام پر آیا جب سوپرٹیک ایکو ولیج 2 میں رہنے والے کئی افراد نے قئے اور پیٹ درد کی شکایت کی۔

متاثرین کو جن میں زیادہ تر بچے اور بوڑھے شامل ہیں‘ دواخانہ میں شریک کرایا گیا۔ لوگوں نے کل دن بھر تکلیف کی شکایت کی۔ 10 بچے ابھی بھی زیرعلاج ہیں۔ سوسائٹی میں رہنے والے ایک شخص نے کہا کہ وہ کل رات 9 بجے دفتر سے گھر لوٹا اور اس نے پانی پیا جس کے بعد اسے بے چینی محسوس ہوئی۔

اس کے بچے بیمار ہوگئے۔ اس نے پہلے سوچا کہ بچوں نے باہر کا کچھ کھالیا ہوگا لیکن سوسائٹی کے دیگر لوگوں سے پتہ چلا کہ انہیں بھی یہی مسئلہ درپیش ہے۔ سوسائٹی کی مینٹیننس ٹیم نے واٹر ٹینکس کا معائنہ کیا اور جانچ کے لئے نمونے اکٹھا کئے۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار نے توثیق کی کہ ٹینک کی صفائی کے لئے جو کیمیکل استعمال کیا گیا اس سے پانی آلودہ ہوا۔ ٹاورس C4 تا C7 میں رہنے والوں نے شکایت کی کہ انہیں گزشتہ چند دن سے پیٹ میں درد‘ قئے کے علاوہ بخار بھی ہے۔ ہر ٹاور 20 منزلہ ہے اور ہر ٹاور میں 160 فلیٹس ہیں۔

4 مئی کو غازی آباد کی سایہ گولڈ ایونیو سوسائٹی میں رہنے والے تقریباً 400 افراد آلودہ پانی پینے سے بیمار ہوگئے تھے۔

a3w
a3w