دہلیصحت

ملک میں ہیومن میٹانِمو (HMPV)وائرس کے کیسس میں اضافہ

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے کرناٹک میں ہیومن میٹانمو وائرس (ایچ ایم پی وی) کے 2 کیسس کا پتہ چلا ہے جن کی کوئی ٹراویل ہسٹری نہیں۔

نئی دہلی/ بنگلورو/ احمدآباد : انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے کرناٹک میں ہیومن میٹانمو وائرس (ایچ ایم پی وی) کے 2 کیسس کا پتہ چلا ہے جن کی کوئی ٹراویل ہسٹری نہیں۔

وزارت ِ صحت نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ بنگلورو میں ایک 3ماہ کی بچی اور 8 ماہ کے بچہ میں یہ انفیکشن پایا گیا۔ دونوں بچوں کو بنگلورو کے باپٹسٹ ہاسپٹل میں شریک کرائے جانے کے بعد انفیکشن کا پتہ چلا۔ وزارت نے کہا کہ بچی کو ڈسچارج کردیا گیا‘ بچہ روبہ صحت ہے۔ دونوں میں کسی نے بھی بیرون ِ ملک سفر نہیں کیا۔

ایچ ایم پی وی ہندوستان کے بشمول دنیا بھر میں پھیل رہا ہے۔ اس سے جڑے تنفس کی بیماریوں کے کیسس مختلف ممالک خاص طورپر چین میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ مرکزی وزارت ِ صحت نے صورتِ حال پر نظر رکھی ہے۔ اسی دوران حکومت کرناٹک نے پیر کے دن واضح کیا کہ بنگلورو میں 3ماہ کی بچی اور 8 ماہ کے بچہ میں ایم ایم پی وی کے جن 2 کیسس کا پتہ چلا ہے وہ ہندوستان میں پہلا معاملہ نہیں ہے۔

ریاستی وزیر صحت دنیش گنڈوراؤ نے کہا کہ ہم اسے ملک میں پہلا کیس نہیں کہہ سکتے۔ وائرس یہاں پہلے سے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے چین‘ ملایشیا یا کوئی اور ملک نہیں گئے۔ چین میں جو وبا پھوٹ پڑی ہے اسے ایم ایم پی وی کی نئی شکل سے جوڑا جارہا ہے۔

احمدآباد سے پی ٹی آئی کے بموجب گجرات کے شہر احمدآباد کے ایک خانگی دواخانہ میں شریک 2ماہ کے بچہ میں ایچ ایم پی وی انفیکشن کا پتہ چلا ہے۔ راجستھان کے ڈنگر پور سے تعلق رکھنے والے اس بچہ کو 24 دسمبر کو سانس کے انفیکشن کی علامت کے ساتھ چاند کھیڑا میں واقع دواخانہ میں شریک کرایا گیا تھا۔

ٹسٹ کے بعد وہ ایچ ایم پی وی پازیٹیو پایا گیا۔ احمدآباد میونسپل کارپوریشن انچارج میڈیکل آفیسر بھون سولنکی نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ مریض میں انفیکشن کا پتہ 26 دسمبر کو چلا تھا لیکن آج یہ ہمارے علم میں آیا کیونکہ خانگی دواخانہ نے تاخیر سے اطلاع دی۔ مریض کو دوسروں سے الگ رکھا گیا ہے۔ قبل ازیں یہ بچہ وینٹی لیٹر پر تھا لیکن اب اس کی حالت مستحکم ہے۔