دہشت گردی کا شکار طلبا کیلئے ایم بی بی ایس کی 4 نشستیں مختص
مرکزی وزارتِ داخلہ نے تعلیمی سیشن 2024-25 کے لیے مرکزی پول میں ایم بی بی ایس کی 4 نشستیں ان امیدواروں کی نامزدگی کے لیے مقرر کی ہیں جو دہشت گردی کی وجہ سے ہلاک/معذورہونے والے شہریوں کے شریک حیات یا بچے ہیں۔

چندی گڑھ: مرکزی وزارتِ داخلہ نے تعلیمی سیشن 2024-25 کے لیے مرکزی پول میں ایم بی بی ایس کی 4 نشستیں ان امیدواروں کی نامزدگی کے لیے مقرر کی ہیں جو دہشت گردی کی وجہ سے ہلاک/معذورہونے والے شہریوں کے شریک حیات یا بچے ہیں۔
حکومت کے ترجمان نے جمعرات کے دن کہا کہ اے این مگدھ میڈیکل کالج‘ گیا (بہار) اور گرانٹ میڈیکل کالج‘ ممبئی (مہاراشٹرا) میں ایک ایک نشست جبکہ پنڈت جواہر لال نہرو میڈیکل کالج‘ رائے پور (چھتیس گڑھ) میں اس زمرہ کے لیے 2 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پنجاب کے اہل طلبا بھی ان نشستوں کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان نشستوں کے لیے اہلیت کے معیار کے مطابق امیدوار کا ہندوستانی شہری ہونا ضروری ہے اور داخلہ کے وقت اس کی عمر 17 سال ہونی چاہیے۔
یا وہ انڈرگریجویٹ میڈیکل کورس میں داخلہ کے پہلے سال میں 31 دسمبر کو یا اس سے پہلے یہ عمر مکمل کرتا ہو۔