کرناٹک

کرناٹک میں 40 فیصد کمیشن والی حکومت: راہول گاندھی

راہول گاندھی کی یاترا نے ایک ہزار کیلو میٹر کا سفر طئے کرلیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت 40 فیصد کمیشن والی حکومت کہلاتی ہے کیونکہ کوئی بھی کام پیسہ دینے پرہی ہوتا ہے۔

بیلاری (کرناٹک): کانگریس قائد راہول گاندھی نے ہفتہ کے دن کرناٹک کی بی جے پی حکومت کو نشانہ ئ تنقید بنایا اور کہا کہ یہ حکومت درج فہرست ذاتوں اور قبائل کی مخالف ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ ”40 فیصد کمیشن“ حکومت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی بی جے پی حکومت ”اینٹی ایس سی۔ ایس ٹی“ ہے۔ دبے کچلے لوگوں کے خلاف مظالم میں 50 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ راہول گاندھی اپنی بھارت جوڑو یاترا کے ایک حصہ کے طورپر یہاں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ بیلاری کے میونسپل گراؤنڈ میں پارٹی ورکرس اور لوگوں کی کثیر تعداد جمع تھی۔

 راہول گاندھی کی یاترا نے ایک ہزار کیلو میٹر کا سفر طئے کرلیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت 40 فیصد کمیشن والی حکومت کہلاتی ہے کیونکہ کوئی بھی کام پیسہ دینے پرہی ہوتا ہے۔ برسراقتدار بی جے پی اور چیف منسٹر بسواراج بومئی نے رشوت کے الزامات کو بے بنیاد قراردے کر خارج کردیا۔

 کانگریس نے کرناٹک میں بھگوا جماعت کی حکومت کو کرپشن کے الزامات پر مسلسل نشانہ پر رکھا ہے۔ ایک ٹھیکہ دار سنتوش پاٹل نے اُس وقت کے وزیر دیہی ترقیات و پنچایت راج کے ایشوراپا پر 40 فیصد کمیشن مانگنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خودکشی کرلی تھی۔ ٹھیکہ دار کی موت کے بعد ایشوراپا کو اپنے عہدہ سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔

کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ درج فہرست ذاتوں و قبائل کی ترقی کے لئے مختص فنڈس کہیں اور منتقل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا 8ہزار کروڑ روپیہ کہیں اور جاچکا ہے۔ کسی کو پولیس سب انسپکٹر بننا ہے تو وہ 80 لاکھ روپے دے کر یہ نوکری حاصل کرسکتا ہے۔

پیسہ ہے تو نوکری ملے گی ورنہ نہیں۔ وہ حالیہ پولیس سب انسپکٹر بھرتی اسکام کا حوالہ دے رہے تھے جس میں کئی گرفتاریاں ہوچکی ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں ایڈیشنل ڈی جی پی امرت پال اور بی جے پی قائد دیویا ہگرگی شامل ہیں۔ اسکام بے نقاب ہونے کے بعد اس امتحان کو منسوخ کردیا گیا۔ 70 لاکھ تا 80لاکھ روپے دینے کی بات کرنے والے امیدواروں کو تک گرفتار کرلیا گیا۔

راہول گاندھی نے کہا کہ اسی وجہ سے حکومت ِ کرناٹک 40 فیصد کمیشن والی حکومت کہلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹیو بینکوں اور اسسٹنٹ پروفیسرس کے تقررات میں بھی اسکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سابق حیدرآباد کرناٹک علاقہ کو جو آج کلیان کرناٹک کہلاتا ہے‘ خصوصی موقف کبھی بھی دینا نہیں چاہتی تھی۔

ان کی حکومت نے اس علاقہ کو خصوصی موقف عطا کیا جس کی وجہ سے نوجوانوں کو نوکریاں حاصل کرنے اور پروفیشنل کالجس میں داخلہ لینے میں مدد ملی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ایک طرف بے روزگاری ہے اور دوسری طرف مہنگائی بڑھتی جارہی ہے۔

عوام‘ چکی کے دو پاٹوں میں پس کر رہ گئے ہیں۔ راہول گاندھی ٹاملناڈو‘ کیرالا‘ کرناٹک اور آندھراپردیش کا احاطہ کرچکے ہیں۔ ان کی 3500کیلو میٹر طویل یاترا 7  ستمبر کو کنیاکماری (ٹاملناڈو) سے شروع ہوئی تھی۔