35 میڈیکل کالجوں میں 4,300 جائیدادیں مخلوعہ
محکمہ صحت کے تحت ڈائریکٹر آف میڈیکل ایجوکیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والے ریاست کے 35 سرکاری میڈیکل کالجوں میں فروری 2026 تک تدریسی عملہ کی 4,300 سے زائد اسامیاں خالی ہیں۔
حیدرآبادـ منصف نیوز بیورو | محکمہ صحت کے تحت ڈائریکٹر آف میڈیکل ایجوکیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والے ریاست کے 35 سرکاری میڈیکل کالجوں میں فروری 2026 تک تدریسی عملہ کی 4,300 سے زائد اسامیاں خالی ہیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق محکمہ نے مختلف عہدوں کے لیے مجموعی طور پر 6,999 فیکلٹی اسامیاں منظور کی ہیں جن میں سے 4,383 اسامیاں سرکاری میڈیکل کالجوں میں خالی پڑی ہیں۔ منظور شدہ اسامیوں کی تفصیل کے مطابق پروفیسر کے لیے 1,280، ایسوسی ایٹ پروفیسر کے لیے 1,569، اسسٹنٹ پروفیسر کے لیے 3,686 اور ٹیوٹر کے لیے 473 اسامیاں منظور کی گئی ہیں۔
تاہم ان میں سے 484 پروفیسر، 1,119 ایسوسی ایٹ پروفیسر، 2,337 اسسٹنٹ پروفیسر اور 443 ٹیوٹر کی اسامیاں تاحال خالی ہیں۔ ڈی ایم ای حکام کے مطابق اسسٹنٹ پروفیسر کی تقرری کے لیے میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ریکروٹمنٹ بورڈ (MHSRB) کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 25 فروری کو جاری کردہ تازہ نوٹیفکیشن کے تحت 607 اسسٹنٹ پروفیسر کی اسامیوں کو پر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد بھی 3,079 اسامیاں خالی رہنے کا امکان ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ آئندہ 12 ماہ کے دوران ریٹائرمنٹ کے باعث بھی کئی عہدے خالی ہوں گے جن میں ایک ڈی ایم ای، ایک ڈی ایم ای (اکیڈمک)، پانچ ایڈیشنل ڈی ایم ای، 27 پروفیسر اور ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر شامل ہیں، اس طرح مجموعی طور پر مزید 35 آسامیاں خالی ہوجائیں گی۔