اراضیات پر قبضہ کرنے والی ٹولی کے 5 ارکان گرفتار۔ راجندرنگرپولیس کی کارروائی
راجندر نگر ڈپٹی کمشنر پولیس نے عطاپور علاقہ میں اراضیات پر ناجائز قبضہ کرنے والی روڈیوں کی ٹولی کے 5 ارکان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 3 ہینڈ تلواریں، ایک ایر گن، ایک چاقو، ایک کلہاڑی اور اراضی کے جعلی دستاویزات ضبط کرلئے۔
حیدرآباد: راجندر نگر ڈپٹی کمشنر پولیس نے عطاپور علاقہ میں اراضیات پر ناجائز قبضہ کرنے والی روڈیوں کی ٹولی کے 5 ارکان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 3 ہینڈ تلواریں، ایک ایر گن، ایک چاقو، ایک کلہاڑی اور اراضی کے جعلی دستاویزات ضبط کرلئے۔
راجندرنگر کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس سرینواس راؤ کی نگرانی میں اسپیشل آپریشن ٹیم اور عطاپور پولیس نے عطاپور کے اکبر ہلز میں واقع 500 مربع گز کے اوپن پلاٹ پر غیر مجاز قبضہ کرنے والی ٹولی 9 رکنی ٹولی کے 5 ارکان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مہلک ہتھیار بھی ضبط کرلئے۔
بتایاجاتا ہے کہ اس ٹولی کا کام غنڈہ گردی کرنا اور جعلی دستاویزات تیار کرتے ہوئے کھلی اراضیات پر قبضہ کرنا ہے۔ پولیس اور اسپیشل آپریشن ٹیم نے اس ٹولی کے 5 ارکان سہیل، صمد، فخرالدین، اکبر، عمران علی اور انور کو گرفتار کرلیا۔
پولیس تحقیقات میں اس بات کا پتہ چلا کہ اس ٹولی نے ابھی تک 11 اراضیات پر قبضہ کیا ہے۔ جہاں بھی کھلی اراضی دکھائی دیتی تو یہ ٹولی اس جگہ پر قبضہ کرلیتی۔
ٹولی کے ارکان، جعلی دستاویزات بناکر اراضی پر حق ملکیت کا دعویٰ کرتے تھے اور اگر حقیقی مالک اراضی کے آنے پر اسے مہلک ہتھیاروں سے ڈراکر بھگادیتے ہیں اور کچھ دن بعد اس اراضی کو لینڈ گرابرس کو فروخت کردیتے تھے۔
پولیس نے کہاکہ اغواء کے ایک واقعہ میں بھی اس ٹولی کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیاجارہا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔