پارلیمنٹ میں سیکوریٹی چُوک کی سازش میں 6 افراد کے ملوث ہونے کا شبہ
دہلی پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چہارشنبہ کی دوپہر پارلیمنٹ میں سیکوریٹی چُوک کی سازش میں 6 افراد ملوث ہیں۔ حراست میں لئے گئے 4 افراد کے علاوہ مزید 2 پر دہلی پولیس کی نظر ہے۔
نئی دہلی: دہلی پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چہارشنبہ کی دوپہر پارلیمنٹ میں سیکوریٹی چُوک کی سازش میں 6 افراد ملوث ہیں۔ حراست میں لئے گئے 4 افراد کے علاوہ مزید 2 پر دہلی پولیس کی نظر ہے۔
یہ لوگ گروگرام میں للت جھا نامی شخص کے مکان میں رہ رہے تھے۔ پکڑے گئے چاروں افراد ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔ ان سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ تاحال یہ لوگ ایک دوسرے کو جاننے سے انکار کررہے ہیں۔
ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کھنگالے جارہے ہیں تاکہ ان کا باہمی ربط سامنے آئے۔ وزیٹرس گیلری سے لوک سبھا ہال میں چھلانگ لگانے والے نوجوانوں کی شناخت منورنجن اور ساگر شرما کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
منورنجن‘ میسورو کا رہنے والا ہے جبکہ شرما‘ لکھنو کا بتایا جاتا ہے۔ منورنجن کرناٹک کا انجینئرنگ طالب ِ علم ہے۔ شرما کا وزیٹر پاس میسورو کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی سفارش پر جاری ہوا تھا۔
پکڑے گئے افراد کے پاس کوئی موبائل فون یا آئی ڈی نہیں پایا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ازخود پارلیمنٹ آئے ہیں اور ان کا کسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ نیلم‘ ہریانہ سیول سروس امتحان کی تیاری کررہی ہے اور حصار میں پی جی میں رہتی ہے۔