60گائیوں کی ہلاکت‘24افراد گرفتار
پوچھ تاچھ میں پتہ چلا کہ وحید خان نے ناگپور کے اسراراحمد کی ہدایت پر جانوروں کو ہلاک کرنے کے انتظامات کئے تھے۔ اس نے بھاری رقم کے عوض یہ ذمہ داری لی تھی۔

بھوپال: پولیس نے مدھیہ پردیش کے ضلع سیونی میں گذشتہ ہفتہ 60 سے زائد گائیوں اور بیلوں کی ہلاکت کے سلسلہ میں 24افراد کو گرفتارکیا ہے۔ عہدیداروں نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔ گرفتار ملزمین میں 8کا تعلق ناگپور سے ہے جہاں فرقہ وارانہ جنون بھڑکانے کیلئے ان جانوروں کو ہلاک کرنے کی سازش کی گئی تھی۔ پولیس نے تاحال 24افراد کو گرفتارکیاہے۔
ملزمین کو پیسوں کے عوض جانوروں کو ہلاک کرنے کا کام دیاگیاتھا۔ سیونی کے مقامی لوگ بھی اس جرم میں ملوث پائے گئے۔ ایک پولیس عہدیدارنے بتایاکہ پولیس ہیڈکوارٹرس بھوپال نے بھی کیس پرنظررکھی ہے کیونکہ اس واقعہ کا مقصد فرقہ وارانہ ہم آہنگی درہم برہم کرنا ہے۔
پولیس نے ابتداء میں نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کیاتھا۔ سراغ ملنے پر اس نے سب سے پہلے وحیدخان اور اس کے 6ساتھیوں کو گرفتارکیا۔ پوچھ تاچھ میں پتہ چلا کہ وحید خان نے ناگپور کے اسراراحمد کی ہدایت پر جانوروں کو ہلاک کرنے کے انتظامات کئے تھے۔ اس نے بھاری رقم کے عوض یہ ذمہ داری لی تھی۔
پولیس نے اسراراحمد کو گرفتارکرلیا اور اس سے پوچھ تاچھ کی۔ مدھیہ پردیش کے ضلع سیونی کی سرحدیں مہاراشٹرا کے ناگپور سے ملتی ہیں جہاں مدھیہ پردیش کی طرح ذبیحہ گاؤ ممنوع ہے۔