حیدرآباد

سکندرآباد: مہلوکین اورزخمیوں کا بیرون ریاست سے تعلق‘6نعشوں کی شناخت

مہلوکین کا تعلق مختلف شہروں سے بتایاگیا ہے اوریہ افراد روبی لکژری ہوٹل میں مقیم تھے اس ہوٹل کے نیچے گراؤنڈفلور پر ای بائیک شوروم سے آگ بھڑک اٹھی تھی۔

حیدرآباد: سکندرآبادکے ای بائیک شوروم اور ہوٹل کے آتشزدگی واقعہ کے تقریباً تمام مہلوکین اورزخمیوں کا تعلق دیگر ریاستوں سے بتایا گیاہے۔اس واقعہ میں 8افراد ہلاک اور دیگر 9زخمی ہوگئے۔ مہلوکین کا تعلق مختلف شہروں سے بتایاگیا ہے اوریہ افراد روبی لکژری ہوٹل میں مقیم تھے اس ہوٹل کے نیچے گراؤنڈفلور پر ای بائیک شوروم سے آگ بھڑک اٹھی تھی۔

تاحال 8کے منجملہ 6 مہلوکین کی شناخت ہوچکی ہے۔ ان میں سے 3دہلی‘2چینائی اور ایک وجئے واڑہ کا متوطن بتایاگیا ہے۔ مہلوکین کی شناخت50 سالہ ویریندرکمار‘26 سالہ راجیو ملک اور سندیپ ملک (تعلق دہلی)‘48 سالہ ستیارامن اور 58 سالہ بالاجی (دونوں کاتعلق چینائی) اور 33سالہ الاڈی ہریش (وجئے واڑہ) کی حیثیت سے کی گئی۔

 خاتون کے بشمول دو لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔زخمیوں میں بنگلور کے 39سالہ جپنت بھی شامل ہیں جو اپولو ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں جہاں ان کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

دیگر زخمیوں میں 49 سالہ راجیش جگدیش (گجرات)‘35 سالہ دیپک یادو کوالٹی آفیسر ہریانہ‘27 سالہ کیشوچینائی ممبئی میں بحیثیت انجینئربرسر روزگار‘36سالہ دیبیاشش گپتا(کولکتہ)‘26 سالہ سنتوش اور26سالہ یوگیتا (پنڈورتی اے پی) شامل ہیں۔یہ تمام افراد کاروباریانجی کاموں کے سلسلہ میں حیدرآباد آئے ہوئے تھے۔