جیل توڑ کر فرار 60 قیدی ہندوستانی سرحد پر گرفتار
سشسترسیمابل (ایس ایس بی) کے گارڈس نے بین الاقوامی سرحد کے مختلف مقامات پر 60 افراد کو پکڑ لیا ہے۔ یہ فورس ہند۔نیپال سرحد کی نگرانی کرتی ہے۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) سشسترسیمابل (ایس ایس بی) کے گارڈس نے بین الاقوامی سرحد کے مختلف مقامات پر 60 افراد کو پکڑ لیا ہے۔ یہ فورس ہند۔نیپال سرحد کی نگرانی کرتی ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ان میں سے بیشتر نیپالی ہیں اور شبہ ہے کہ پڑوسی ملک میں بدامنی کے دوران جیل توڑ کر فرار ہوئے ہوں گے۔ عہدیداروں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ایس ایس بی کے جوانوں نے گزشتہ دو دن کے دوران انہیں اترپردیش، بہار، مغربی بنگال میں مختلف سرحدی مقامات سے پکڑا ہے۔
انہیں متعلقہ ریاستی پولیس فورسس کے حوالہ کردیا گیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ پکڑے جانے والے دو تین افراد نے ہندوستانی نژاد ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور اس کی توثیق کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ ایس ایس بی مرکزی وزارتِ داخلہ کے تحت کام کرتی ہے اور ہندوستان کی مشرقی سمت ہند۔نیپال کے درمیان 1751 کلو میٹر طویل کھلی سرحد کی حفاظت کرتی ہے۔
اس نے تقریباً50بٹالینس یعنی 60ہزار جوانوں کو بہار، اترپردیش، اتراکھنڈ، مغربی بنگال اور سکم میں تعینات کیا ہے۔ ان تمام ریاستوں کی سرحد نیپال سے متصل ہے۔ نیپال میں جاری احتجاج کے پیش نظر فورس نے سرحدی علاقوں میں اپنی نگرانی میں اضافہ کردیا ہے۔
ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ایس ایس بی اپنے نیپالی ہم منصب اے پی ایف کے ساتھ رابطہ میں ہے۔ دونوں فورسس نے مشترکہ پٹرولنگ بھی کی ہے اور سرحدی علاقوں میں علیحدہ علیحدہ فلیگ مارچ بھی کئے ہیں تاکہ یہ پیام دیا جاسکے کہ ہندوستان‘ نیپال کے حالیہ واقعات سے پیدا ہونے والے کسی بھی چیالنج سے نمٹنے تیار ہے۔