لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلہ میں 62.2 فیصد رائے دہی
لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلہ میں جو 20مئی کو منعقد ہوا تھا‘ رائے دہی کا فیصد اب بڑھ کر 62.2 ہوگیا ہے۔

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلہ میں جو 20مئی کو منعقد ہوا تھا‘ رائے دہی کا فیصد اب بڑھ کر 62.2 ہوگیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے آج یہ بات بتائی اور کہا کہ خواتین نے مردوں پر سبقت حاصل کی۔ الیکشن کمیشن کے ایک بیان کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں پر 61.48 فیصد مرد رائے دہندے جبکہ 63 فیصد خاتون رائے دہندے پہنچے۔
پانچویں مرحلہ میں 6 ریاستوں اور 2مرکزی زیرانتظام علاقوں کی 49 نشستوں کے لئے 8.95کروڑ افراد بشمول 4.69 کروڑ مرد‘ 4.62کروڑ خواتین اور تیسری صنف کے 5609 رائے دہندے ووٹ دینے کے اہل تھے۔
بہار‘ جھارکھنڈ‘ لداخ‘ اوڈیشہ اور اترپردیش میں رائے دہی میں مردوں کے مقابل خواتین کی حصہ داری زیادہ رہی۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اوڈیشہ کے کندھامل پارلیمانی حلقہ کے 2پولنگ اسٹیشنوں میں دوبارہ رائے دہی جمعرات کے روز ختم ہوگی اور اسی کے مطابق اعدادوشمار تبدیل ہوں گے۔