قومی

اسرائیل۔حماس جنگ میں 66 ہزار فلسطینی جاں بحق

اسرائیل۔حماس جنگ میں 66 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ غزہ کی وزارتِ صحت نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔ اس نے اپنی ڈیلی رپورٹ میں کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 66,005 ہوگئی ہے۔

قاہرہ (اے پی) اسرائیل۔حماس جنگ میں 66 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ غزہ کی وزارتِ صحت نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔ اس نے اپنی ڈیلی رپورٹ میں کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 66,005 ہوگئی ہے۔

ایک لاکھ 68 ہزار 162 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں 79 وہ لوگ شامل ہیں، جنہیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دواخانہ لایا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں حملے جاری رکھے ہیں۔ وزیراعظم نتن یاہو واشنگٹن میں ہیں اور پیر کے دن امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

نتن یاہو پر جنگ ختم کرنے کیلئے شدید دباؤ ہے۔ کئی مغربی حلیف فلسطینی ریاست کو تسلیم کرتے جارہے ہیں۔ یوروپین یونین اسرائیل کے خلاف تحدیدات پر غور کررہی ہے۔ ٹرمپ نے تاحال اسرائیل کی تائید کی ہے لیکن اب ان کے صبر کا پیمانہ قطر پر اسرائیل کے حملہ کے بعد لبریز ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ پیر کے دن وائٹ ہاؤس کی میٹنگ میں توقع ہے کہ ٹرمپ جنگ کے خاتمہ کیلئے نئی تجویز پیش کریں گے۔

غزہ میں 48 یرغمالی ابھی بھی موجود ہیں۔ اسرائیل کا ماننا ہے کہ ان میں 20 زندہ ہوں گے۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیل کے حملہ کے بعد سے جنگ بندی بات چیت رُکی ہوئی ہے۔ اس حملہ کی سبھی نے مذمت کی تھی۔ ٹرمپ نے فوری جنگ بندی کیلئے 21 نکاتی منصوبہ پیش کیا ہے۔

اس تجویز میں تمام یرغمالیوں کی 48 گھنٹوں میں رہائی اور فلسطینی علاقہ سے اسرائیلی فوج کی دھیرے دھیرے واپسی شامل ہے۔ ٹرمپ نے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے حاشیہ پر عرب رہنماؤں سے اس تجویز پر تبادلہ خیال کیا۔