شمالی بھارت

وزیر اعظم کے جلسہ کے قریب ڈرون کی پرواز، 3 ا فراد گرفتار

مرکزی ایجنسیوں کے آفیسرس نے گجرات کے احمد آباد ضلع میں مبینہ طور پر نو فلائی زون میں ایک ڈرون کی پرواز پر تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا، جہاں وزیر اعظم نریندر مودی ایک عوامی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔

احمد آباد: مرکزی ایجنسیوں کے آفیسرس نے گجرات کے احمد آباد ضلع میں مبینہ طور پر نو فلائی زون میں ایک ڈرون کی پرواز پر تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا، جہاں وزیر اعظم نریندر مودی ایک عوامی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔

پولیس نے یہ بات بتائی۔ احمد آباد رورل ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امیت واسو نے مقامی میڈیا سے کہا کہ وزیر اعظم عوام سے خطاب کررہے تھے کہ پوڈیم سے کچھ دوری پر ایک ڈرون کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد ڈیوٹی پر موجود ایک پولیس کانسٹبل نے فوری اسے نیچے اتار دیا۔

پولیس تحقیقات کے دوران یہ پایا گیا کہ تین نوجوان نکیل پارمر، راکیش بھارود اور راجیش پرجا پتی ڈرون اڑا رہے تھے، چنانچہ ان کے خلاف عوامی حکم کی خلاف ورزی کا کیس درجِ رجسٹر کیا گیا ہے۔

تمام تینوں کے مکانات کی تلاشی لی گئی، مگر کوئی مشتبہ چیز نہیں پائی گئی۔ بعد ازاں یہ انکشاف ہوا کہ ملزمین علاقہ کی تصاویر کھینچنے اور شوٹنگ کے لیے ڈرون اڑا رہے تھے۔

وہ نہیں جانتے تھے کہ یہ نو فلائی زون علاقہ ہے۔ تینوں کا سابق میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے۔