دہلیمہاراشٹرا

چھوٹی سی عمر، بڑے خواب۔ 7 سالہ بچی کا بزنس سب کیلئے مثال، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق اس بچی کا نام انایا ہے۔ اس کے والد نے بتایا کہ انایا نے جب ’رچ ڈیڈ، پُور ڈیڈ‘ کتاب پڑھی تو اس میں دو افراد کی کہانی نے اسے متاثر کیا جو بغیر کسی خوف یا رکاوٹ کے اپنا بزنس شروع کرتے ہیں۔

نئی دہلی: ممبئی کی ایک 7 سالہ بچی کی کہانی اِن دنوں انٹرنیٹ پر دھوم مچا رہی ہے۔ یہ ننھی بچی سڑک کنارے لیموں پانی بیچتی نظر آتی ہے اور اس کی یہ پہل محض کھیل تماشہ نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے فیصلہ کا نتیجہ ہے۔ حیرت انگیز طور پر اس بچی نے یہ فیصلہ ایک کتاب پڑھنے کے بعد کیا۔ وہ کتاب ہے دنیا بھر میں مشہور "Rich Dad Poor Dad”، جس نے اسے کم عمری میں ہی کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق اس بچی کا نام انایا ہے۔ اس کے والد نے بتایا کہ انایا نے جب ’رچ ڈیڈ، پُور ڈیڈ‘ کتاب پڑھی تو اس میں دو افراد کی کہانی نے اسے متاثر کیا جو بغیر کسی خوف یا رکاوٹ کے اپنا بزنس شروع کرتے ہیں۔ یہی بات انایا کے دل کو لگ گئی اور اس نے فیصلہ کیا کہ وہ بھی اپنا بزنس کرے گی، چاہے وہ چھوٹے پیمانے پر ہی کیوں نہ ہو۔

کنٹینٹ کریئیٹر پُروا گھرَت نے یہ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں انایا اپنے والد اور دادی کے ساتھ ممبئی کی ایک سڑک پر لیموں پانی بیچتی نظر آتی ہے۔ جب پُروا نے والد سے وجہ پوچھی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا: "کیا آپ نے رچ ڈیڈ، پُور ڈیڈ پڑھی ہے؟ ہم دونوں یہ کتاب ساتھ پڑھ رہے ہیں اور میں اسے وہی سکھا رہا ہوں جو میں نے اس سے سیکھا ہے۔ خواب دیکھنا، ان پر یقین رکھنا اور انہیں حقیقت میں بدلنا۔”

پُروا نے اپنے کیپشن میں مزید لکھا کہ "صرف 7 سال کی عمر میں ہی یہ بچی مالی آزادی (Financial Freedom) کے بارے میں سیکھ رہی ہے۔ ہمیں ایسے اور بھی والدین چاہئے جو اپنے بچوں کو صرف نمبر لانے کا نہیں بلکہ زندگی کے اصل سبق سکھائیں، یہ کہ کیسے سوچنا ہے، فیصلہ لینا ہے اور اپنے مستقبل کی ذمہ داری خود اٹھانی ہے۔”

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انایا اور اس کے والدین کی خوب تعریف کی۔ کئی لوگوں نے اسے "بہترین پیرینٹنگ کی شاندار مثال” قرار دیا۔ کچھ نے کہا کہ اگر ہر والدین اپنے بچوں کو اس طرح عملی زندگی کے سبق سکھائیں تو آنے والی نسل زیادہ خود مختار اور پراعتماد ہوگی۔