مدھیہ پردیش میں مندر کی دیوار گرنے سے 9بچے ہلاک
مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر کے ایک موضع میں دیوار گرنے سے اتوار کے دن 9بچے ہلاک ہوگئے۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ واقعہ موضع شاہ پور میں ایک مذہبی پروگرام کے دوران پیش آیا۔
ساگر(مدھیہ پردیش): مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر کے ایک موضع میں دیوار گرنے سے اتوار کے دن 9بچے ہلاک ہوگئے۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ واقعہ موضع شاہ پور میں ایک مذہبی پروگرام کے دوران پیش آیا۔
ڈویژنل کمشنر ساگر وریندر سنگھ راوت نے فون پر پی ٹی آئی کو بتایا کہ 10تا15سال کے 9بچے دیوار گرنے سے ہلاک ہوگئے۔ سینئر عہدیدار بشمول ضلع کلکٹر وہاں پہنچ چکے ہیں۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش موہن یادو نے چیف میونسپل آفیسر (سی ایم او) شاہ پور نگر پنچایت اور ایک سب انجینئر کو معطل کردیا۔
انہوں نے ریاست بھر کی بلدیات کو ہدایت دی کہ مخدوش عمارتوں کی نشاندہی کی جائے اور کارروائی کی جائے۔ چیف منسٹر نے واقعہ پر دکھ کااظہار کیا اور مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 4لاکھ روپے مالی امدادکا اعلان کیا۔ ایک مخدوش مکان کے قریب ”پارتھیو شیولنگ نرمان“ (مٹی سے شیولنگ بنانے کا کام) جاری تھا۔
مکان کی دیوار خیمہ پر گرپڑی۔ مقامی بی جے پی رکن اسمبلی سابق وزیر گوپال بھارگو نے میڈیا کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کئی بچے ماں باپ کی اکلوتی اولاد تھے۔ ضلع کلکٹر دیپک آریہ نے بتایا کہ بچے مندر کے قریب ٹینٹ میں بیٹھے ہوئے تھے۔ بارش کے بعض مکان کی دیوار گرپڑی۔
2بچوں نے وہیں دم توڑ دیا جبکہ دیگر 7 دواخانہ لے جائے جانے کے دوران چل بسے۔ سابق چیف منسٹر و کانگریس قائد کمل ناتھ نے کہا کہ دیوار گرنے سے بچوں کے مرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ ہفتہ کے دن ریوا میں ایسے ہی واقعہ میں 4بچوں کی جان گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں موسلادھاربارش کے مدنظر انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ کمزور عمارتوں کی نشاندہی کرے اور ایسے واقعات کا اعادہ ہونے نہ دے۔