شمال مشرق

چھتیس گڑھ میں انکاؤنٹر‘ 9 نکسلائٹس ہلاک

پولیس نے بتایا کہ مہلوک نکسلائٹس کی شناخت کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا۔ اس واقعہ کے ساتھ ہی جاریہ سال ریاست کے بستر علاقہ میں سیکوریٹی فورسس کے ساتھ علیحدہ انکاؤنٹرس میں اب تک 88 نکسلائٹس ہلاک ہوچکے ہیں۔

نارائن پور/ رائے پور: چھتیس گڑھ کے ضلع نارائن پور اور کنکیر کے سرحدی جنگلاتی علاقہ میں سیکوریٹی فورسس کے ساتھ انکاؤنٹر میں 9 نکسلائٹس ہلاک ہوگئے جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ ریاست کے ڈپٹی چیف منسٹر وجئے شرما نے یہ بات بتائی۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد سے آندھرائی ڈرائیوروں کو چلے جانے کی ہدایت نامناسب : پون کلیان
چھتیس گڑھ میں ہلاک 9 نکسلائٹس پر 59 لاکھ روپے کا انعام تھا
چیف منسٹر کے عہدہ کےلئے کرناٹک کانگریس میں رسہ کشی
قرض کی فراہمی کو بینکرس سماجی ذمہ داری تسلیم کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کا مشورہ
بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کے ’انکاؤنٹر بیانات‘ پر یوپی میں ہنگامہ

 سیکوریٹی فورسس کی جانب سے گزشتہ 15 دن میں نکسلائٹس پر یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔ شرما نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں اسے ریاست میں مخالف نکسلائٹس کارروائی میں ایک بڑی کامیابی قراردیا۔

پولیس کے مطابق آج صبح تقریباً 6 بجے ابھج مد علاقہ میں جسے نکسلائٹس کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے‘ ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ (ڈی آر جی) اور اسپیشل ٹاسک فورس(ایس ٹی ایف) کی ایک مشترکہ ٹیم مخالف نکسلائٹس کارروائی میں مصروف تھی۔

 اسی دوران ٹیکمیٹا اور کاکور مواضعات کے درمیان جنگل میں بندوقوں کی لڑائی ہوئی۔ یہ کارروائی پیر کی رات شروع کی گئی تھی اور منگل کی صبح ضلع نارائن پور اور کنکیر کے سرحدی علاقہ میں انکاؤنٹر ہوا۔ ڈپٹی چیف منسٹر شرما نے یہ بات بتائی جن کے پاس وزارت ِ داخلہ کا بھی قلمدان ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 نکسلائٹس بشمول 3 خواتین کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا اور ان کی نعشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ تصادم میں سیکوریٹی عملہ کو کوئی گزند نہیں پہنچا۔ انہوں نے اسے ایک بڑی کامیابی قراردیتے ہوئے بتایا کہ جائے واقعہ سے ایک اے کے 47 رائفل اور دیگر ہتھیار و گولہ بارود برآمد کئے گئے۔

 شرما نے اس کامیابی پر سیکوریٹی عملہ کومبارکباد بھی دی۔ انہوں نے نکسلائٹس سے اپیل کی کہ وہ ہتھیار ڈال دے اور قومی اصل دھارا میں شامل ہوجائیں۔ شرما نے کہاکہ چیف منسٹر وشنو دیو سائی اس مسئلہ کا بات چیت کے ذریعہ حل چاہتے ہیں۔

 اگر کوئی نکسلائٹ بڑا یا چھوٹا گروپ ویڈیو کال یا ثالث کے ذریعہ بات کرنا چاہتا ہو تو ہم تیار ہیں اور ان کے لئے بہتر بازآبادکاری کا انتظام کریں گے۔ ہم ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ قومی اصل دھارا میں شامل ہوجائیں۔ ہم بستر میں امن قائم کرنا چاہتے ہیں اور اس علاقہ میں ترقی چاہتے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ مہلوک نکسلائٹس کی شناخت کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا۔ اس واقعہ کے ساتھ ہی جاریہ سال ریاست کے بستر علاقہ میں سیکوریٹی فورسس کے ساتھ علیحدہ انکاؤنٹرس میں اب تک 88 نکسلائٹس ہلاک ہوچکے ہیں۔

بستر علاقہ 7  اضلاع بشمول نارائن پور اور کنکیر پر مشتمل ہے۔ 16  اپریل کو ضلع کنکیر میں سیکوریٹی فورسس کے ساتھ انکاؤنٹر میں 29  نکسلائٹس ہلاک ہوئے تھے۔

a3w
a3w