عرب امارات نے 80ہزار گولڈن اقامے جاری کئے
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے گزشتہ برس 80 ہزار افراد کو گولڈن اقامہ جاری کیا۔ علاوہ ازیں آمد و رفت کے 62 ملین سے زائد معاملات نمٹائے گئے۔
ابو ظبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے گزشتہ برس 80 ہزار افراد کو گولڈن اقامہ جاری کیا۔ علاوہ ازیں آمد و رفت کے 62 ملین سے زائد معاملات نمٹائے گئے۔
اردو نیوز کے مطابق دبئی میں اقامہ اور غیرملکیوں کے امور کے سرکاری ادارہ نے کہا ہے کہ 2022 کے دوران 80 ہزار افراد کو گولڈن اقامہ جاری کیا گیا۔سرکاری ادارہ کا کہنا ہے کہ 2022 میں 62 ملین سے زائد معاملات نمٹائے گئے۔
ان میں سے بری‘ بحری اور فضائی راستوں سے 46 ملین افراد کی آمد و رفت کی کارروائی انجام دی گئی۔علاوہ ازیں گزشتہ برس 2022 کے آخر تک تمام گروپوں کو گولڈن اقامے جاری کیے گئے۔
ان کی تعداد 79 ہزار 617 رہی جبکہ 2021 کے دوران 47 ہزار 150 گولڈن اقامے جاری کیے گئے تھے۔ دبئی میں اقامہ اور غیر ملکیوں کے امور کے سرکاری ادارہ کے ڈائرکٹر جنرل محمد المری کا کہنا ہے کہ محکمہ سے رجوع کرنے والوں کو سہولتوں کی فراہمی ہمارا بڑا ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اچھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ہمارے ادارہ نے حسن کارکردگی پر متعدد ایوارڈس بھی حاصل کیے ہیں۔