کرناٹک

تلنگانہ میں سردی کی لہر میں اضافہ۔کہر کے سبب گاڑی سواروں کومشکل صورتحال

ریاست تلنگانہ میں سردی کی لہر میں اضافہ درج کیاجارہا ہے جس سے عوام کو مشکلات کاسامنا ہے۔عوام کی بڑی تعدادصبح کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کررہی ہے۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں سردی کی لہر میں اضافہ درج کیاجارہا ہے جس سے عوام کو مشکلات کاسامنا ہے۔عوام کی بڑی تعدادصبح کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں
جامعہ عثمانیہ کے 84 ویں کونووکیشن میں مولانا مفتی سید احمد غوری نقشبندی کو عربی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا
سودی نظام کے خاتمہ کے بغیر غربت کا خاتمہ ممکن نہیں: نویں سالانہ اجلاس سیوا سوسائٹی محبوب نگر
آئین بچاؤ – بھارت بچاؤ: حیدرآباد میں ساوتھ انڈیا راؤنڈ ٹیبل کانفرنس منعقد
جدہ و حیدرآباد میں انڈین کلچرل سوسائٹی و بزم عثمانیہ کے زیر اہتمام 79واں یومِ آزادی شاندار پیمانے پر منایا گیا
استان قادریہ بغدل شریف میں شہادتِ حضرت امام حسن مجتبیؑ کا عظیم الشان جلسہ

ساتھ ہی پارکس میں چہل قدمی کے لئے آنے والوں کی تعداد بھی گھٹ گئی۔ریاست کے کئی علاقوں میں معمول سے 4ڈگری کم درجہ حرارت درج کیاگیا ہے۔

درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں صبح کی اولین ساعتوں سے ہی کہر کی گھنی چادردیکھی جارہی ہے۔ملک کے شمالی حصوں سے آرہی سرد ہواوں کے نتیجہ میں تلنگانہ میں اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔

کہر کے سبب صبح کے اوقات میں گاڑی سواروں کومشکل صورتحال کا سامنا ہے جو اپنی گاڑیوں کی لائٹس کھول کر گاڑیوں کو چلانے کیلئے مجبور ہیں۔سردی کے موسم میں عموما کہر کی گھنی چادر کے نتیجہ میں سڑکوں پر راستہ صاف دکھائی نہیں دیتااورحادثات کی تعداد بھی بڑھ جاتی ہے۔

ضلع عادل آباد میں سردی کے ساتھ ساتھ کہر بھی زیادہ دیکھی جارہی ہے۔عموما قومی شاہراہوں پر کہر کے پیش نظر احتیاط کا مشورہ دیاگیا ہے۔ضلع کے ایجنسی علاقوں اور جنگلات سے متصل آبادیوں میں شدید سردی محسوس ہورہی ہے۔کئی علاقوں میں صبح 9بجے تک بھی سورج نظرنہیں آرہا ہے۔

سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کا ہجوم ہے۔ نزلہ‘ کھانسی‘ زکام اور بخار میں کئی افراد مبتلا ہیں۔ عادل آباد میں گرم ملبوسات کی خرید و فروخت میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ عوام سویٹرس‘ ٹوپیوں اور مفلرس کااستعمال کررہے ہیں۔

چائے خانوں پر عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ صبح اورشام کے اوقات میں ضلع کے بیشتر مقامات پر لوگ آگ تاپتے نظر آرہے ہیں۔