دہلی

لال قلعہ سے ایک کروڑ کا کلس چوری (ویڈیو)

تاریخی لال قلعہ کامپلکس میں بڑی سیکوریٹی چوک میں سونے کا کلس جس پر ہیرے جواہرات جڑے تھے‘ جین مذہب کی ایک تقریب کے دوران چوری ہوگیا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) تاریخی لال قلعہ کامپلکس میں بڑی سیکوریٹی چوک میں سونے کا کلس جس پر ہیرے جواہرات جڑے تھے‘ جین مذہب کی ایک تقریب کے دوران چوری ہوگیا۔

760گرام سونا اور 150 گرام کے ہیرے جواہرات کا تقریباً ایک کروڑ روپے مالیتی یہ کلس کہا جاتا ہے کہ ممتاز تاجر سدھیر جین کی روزمرہ پوجا میں استعمال ہوتا ہے۔وہ اسے روزانہ جین ایونٹ کے لئے لال قلعہ لارہے تھے۔

لال قلعہ کے اندر تقریب کے دوران یہ چوری ہوگیا۔ اسپیکر لوک سبھا اوم برلا نے جاریہ ہفتہ بطور مہمان خصوصی ”دس لکشن مہاپرو“ نامی تقریب میں شرکت کی تھی۔ ان کے استقبال کے انتظامات کے دوران چوری ہوئی۔

دہلی پولیس نے مختلف کیمروں سے سی سی ٹی وی فوٹیج نکال لیا ہے جس میں ملزم کو سیاہ رنگ کا ایک بیاگ اٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اسے پکڑنے کے لئے پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جین تقاریب 9 ستمبر کو ختم ہوں گی۔