وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی بڑی پہل۔اب ہر سال جولائی میں حیدرآباد میں ورلڈ اکنامک فورم کا فالو اپ اجلاس ہوگا
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے ریاست میں عالمی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے لئے ایک اہم تجویز پیش کی ہے جس کے تحت اب ہر سال جولائی یا اگست کے مہینے میں حیدرآباد میں ورلڈ اکنامک فورم کا فالو اپ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے ریاست میں عالمی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے لئے ایک اہم تجویز پیش کی ہے جس کے تحت اب ہر سال جولائی یا اگست کے مہینے میں حیدرآباد میں ورلڈ اکنامک فورم کا فالو اپ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
ڈاوس میں منعقدہ جوائن دی رائز پروگرام کے دوران وزیراعلیٰ نے یہ تجویز رکھی جسے عالمی کاروباری رہنماؤں اور پالیسی سازوں نے متفقہ طور پر قبول کر لیا۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سرمایہ کاری کے معاہدوں اور کاروباری فیصلوں کے لئے ایک سال کا انتظار بہت طویل ہے اس لئے چھ ماہ بعد حیدرآباد میں فالو اپ میٹنگ کے ذریعہ ان فیصلوں پر عمل درآمد کو تیز کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حال ہی میں منعقدہ تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ توقعات سے زیادہ کامیاب رہی ہے جس کے ذریعہ ریاست نے 5.75 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔ انہوں نے حیدرآباد کو ایک گلوبل ہب اور فیوچر سٹی بنانے کے اپنے ویژن کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔
اس موقع پر انہوں نے تلنگانہ کی نئی اے آئی انوویشن ہب اور نیکسٹ جنریشن لائف سائنسس پالیسی 2026۔2030 کا آغازبھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حیدرآباد کو ملک کا پہلا 24 گھنٹے سرگرم رہنے والا شہر بنایا جائے گا، جس کے لئے موسیٰ ریور فرنٹ کی ترقی اور نائٹ ٹائم اکانومی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے، 30 ہزار ایکڑ پر مشتمل بھارت فیوچر سٹی کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے جس کا 50 فیصد حصہ سرسبز ہوگا۔ اس اجلاس میں وزراء سریدھر بابو اور پی سرینواس ریڈی نے بھی شرکت کی اور حیدرآباد میٹرو ریل کی توسیع اور اقتصادی ترقی کے نئے زونس کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔
اس تقریب میں مشہور اداکار چرنجیوی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور وزیراعلیٰ کے ویژن کی تائیدکرتے ہوئے اسے ریاست کی ترقی کے لئے ایک سنگ میل قرار دیا۔