ہماچل کی برہمن لڑکی نے اسلام قبول کرلیا، گھروالوں نے ہنگامہ کھڑاکردیا
افراد خاندان نے اپنی بیٹی کے اسلام قبول کرنے کے پیچھے سازش اور اس پورے واقعہ کے پیچھے کسی مسلم نوجوان کا ہاتھ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کو سازش کے تحت برین واش کیا گیا ہے اور اب وہ اپنا مذہب بھول کر اسلام کی باتیں کررہی ہے۔
منڈی: ہماچل پردیش کے منڈی ضلع کے اوٹ تھانہ علاقے کے تحت ایک گاؤں کی برہمن لڑکی کی طرف سے اسلام قبول کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ بات اس وقت سامنے آئی جب لڑکی کے اہل خانہ اس سلسلے میں شکایت درج کرانے اوٹ پولیس اسٹیشن پہنچے۔
پولیس کو دی گئی شکایت میں لڑکی کے گھر والوں نے کہا ہے کہ ان کی بیٹی گھر میں اسلام سے متعلق سرگرمیاں کررہی ہے جس کی وجہ سے پورے گھر کا ماحول کشیدہ ہو گیا ہے۔
افراد خاندان نے اپنی بیٹی کے اسلام قبول کرنے کے پیچھے سازش اور اس پورے واقعہ کے پیچھے کسی مسلم نوجوان کا ہاتھ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کو سازش کے تحت برین واش کیا گیا ہے اور اب وہ اپنا مذہب بھول کر اسلام کی باتیں کررہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ لڑکی پنجاب میں تعلیم اور پرائیویٹ سیکٹر میں ملازمت بھی کرتی ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ اس سارا معاملے کو پنجاب میں ہی انجام دیاگیا ہے اور وہاں سے واپس آنے کے بعد ان کی بیٹی نے ایسی حرکتیں شروع کر دی ہیں۔ پولیس کو دی گئی شکایت میں انہوں نے معاملے کی مکمل جانچ اور ٹھوس کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب پولیس سپرنٹنڈنٹ ساکشی ورما نے معاملے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر والوں کی شکایت پر پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ لڑکی کا بیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور اہل خانہ کی شکایت کی بنیاد پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ تحقیقات میں سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔