وزیراعلی تلنگانہ کی توہین آمیززبان، معافی مانگنے بنڈی سنجے کامطالبہ
پاکستان نے ہمیں دھکا دیا اور بھارت نے جواب نہیں دیا ۔یہ بیان ہمارے بہادر فوجیوں کی توہین ہے جنہوں نے آپریشن سندور کے دوران دہشت گرد کیمپوں کو تباہ کیا۔ ہندوستان کی ہر گلی میں ہمارے جوانوں کی بہادری پر فخر کی گونج سنائی دیتی ہے۔“
حیدرآباد: مرکزی مملکتی وزیرداخلہ بنڈی سنجے نے الزام عائد کیا ہے کہ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے اپنی تقریر میں توہین آمیز زبان استعمال کی ہے۔انہوں نے ان سے غیرمشروط معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
بی جے پی قائد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعلیٰ کے بیان کی مذمت کی جو انہوں نے جوبلی ہلز اسمبلی ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم کے دوران دیا تھا۔
بنڈی سنجے نے لکھا”میں تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے نامناسب اوراوچھے بیان کی سخت مذمت کرتا ہوں۔
پاکستان نے ہمیں دھکا دیا اور بھارت نے جواب نہیں دیا ۔یہ بیان ہمارے بہادر فوجیوں کی توہین ہے جنہوں نے آپریشن سندور کے دوران دہشت گرد کیمپوں کو تباہ کیا۔ ہندوستان کی ہر گلی میں ہمارے جوانوں کی بہادری پر فخر کی گونج سنائی دیتی ہے۔“
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا بھر میں آپریشن سندور کو وزیراعظم نریندر مودی کی دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی علامت کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ کو ملک کے عوام اور ان بہادر فوجیوں سے، جنہوں نے قوم کے لئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا، فوری معافی مانگنی چاہیے
قبل ازیں، وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کانگریس امیدوار نوین یادو کی انتخابی مہم کے دوران بی جے پی رہنماؤں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جوبلی ہلز میں کارپیٹ بمباری کرنے کی بات کرتے ہیں، مگر پاکستان کے خلاف جنگ کے دوران ایسا کیوں نہیں کیا؟
انہوں نے مرکزی وزراء کشن ریڈی اور بنڈی سنجے کمار سے سوال کیا کہ کیا وہ ریاست کے لئے کوئی فنڈ لائے ہیں؟
وزیراعلی نے کہاکہ بی جے پی قائدین یہ کہتے ہیں کہ وہ جوبلی ہلز پر کارپیٹ بمباری کریں گے۔ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ وزیراعظم مودی سے فنڈ مانگے بغیر جوبلی ہلز میں گھوم رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے ساتھ کانگریس رہنما اور سابق بھارتی کرکٹ کپتان محمد اظہرالدین بھی موجود تھے، جنہوں نے اسی دن ریاستی وزیر کے طور پر حلف لیا۔