سوشیل میڈیا

یو اے ای میں کیرالہ کے شہری کو 33 کروڑ روپے کی لاٹری نکل آئی

پچھلے تین سالوں سے بگ ٹکٹ ڈرا کے ٹکٹس خرید رہا تھا۔ وہ فی الحال العین میں ایک آرکیٹیکچرل فرم میں کام کرتا ہے اور اپنی بیوی اور دو چھوٹے بچوں کے ساتھ ایک چھوٹے سے گھر میں رہتا ہے۔

دبئی: متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک ہندوستانی تارک وطن راجیو اریکاٹ کی اس وقت خوشی ٹھکانہ نہ رہا جب اس نے بگ ٹکٹ ابوظہبی کی ہفتہ وار قرعہ اندازی میں 15 ملین درہم (تقریباً ₹ 33 کروڑ) کا جیک پاٹ جیت لیا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ڈرا نمبر 260 کے دوران راجیو کا ٹکٹ نمبر 037130 نکل آیا جس کے ساتھ ہی اس کی اور اس کے خاندان کی زندگی بدل گئی۔

راجیو پچھلے تین سالوں سے بگ ٹکٹ ڈرا کے ٹکٹس خرید رہا تھا۔ وہ فی الحال العین میں ایک آرکیٹیکچرل فرم میں کام کرتا ہے اور اپنی بیوی اور دو چھوٹے بچوں کے ساتھ ایک چھوٹے سے گھر میں رہتا ہے۔ بچوں کی عمریں پانچ اور آٹھ سال بتائی جاتی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیتنے والے ٹکٹ کی خاص اہمیت تھی۔ اس کے نمبر اس کے پیارے بچوں کی سالگرہ کی تاریخ کے مماثل تھے۔ قسمت کے اچانک جھٹکے سے پریشان راجیو کو اب بڑے پیمانے پر زندگی کے نئے منصوبوں کو حتمی شکل دینا باقی ہے۔

تاہم اس نے اچانک یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ انعامی رقم کو 19 دیگر لوگوں کے ساتھ برابر تقسیم کردے گا۔ اس کا یہ فراخدلانہ فیصلہ اس کی جیت کی خوشی کو بڑھارہا ہے۔

راجیو کا کہنا ہے ’’میں العین میں 10 سال سے زیادہ عرصے سے مقیم ہوں۔ میں پچھلے 3 سالوں سے ٹکٹ خرید رہا ہوں۔ یہ پہلی بار ہے جب میں نے لاٹری جیتی ہے۔ اس بار میں نے اور میری بیوی نے نمبر 7 اور 13 والے ٹکٹوں کا انتخاب کیا جو ہمارے بچوں کی تاریخ پیدائش ہیں۔‘‘

راجیو نے مزید بتایا کہ دو مہینے پہلے اس نے اسی نمبرات کے امتزاج کے ساتھ ٹکٹ خریدے تھے تاہم لاٹری اس کے نام نہیں نکلی لیکن اس بار وہ خوش قسمت رہا۔ راجیو نے یہ ٹکٹ 11 جنوری کو خریدے تھے۔

کیرالہ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ راجیو اریکیت کو جیتنے کی بہت امیدیں تھیں کیونکہ اس کے پاس جملہ چھ ٹکٹ تھے۔ اسے بگ ٹکٹ کی طرف سے ایک خصوصی پیشکش ملی تھی جبکہ اس نے دو ٹکٹ خریدے تو اسے چار ٹکٹ مفت دیئے گئے اور انہی مفت ٹکٹوں میں سے ایک ٹکٹ پر 33 کروڑ روپے کی لاٹری نکل آئی۔

راجیو نے گذرے لمحات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب شو کے میزبان رچرڈ اور بوچرا نے اسے بلایا اس کی آواز ہی نہیں نکل رہی تھی۔ میں اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان نہیں کرپا رہا تھا۔

پھر بھی میں نے رچرڈ کی آواز کو پہچان لیا جیسا کہ میں اسے برسوں سے سن رہا تھا۔ میں جانتا تھا کہ اس نے جیتنے والوں کو بلایا لیکن میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ پہلا انعام ہے جو میرے لئے نکل آیا ہے۔ یہ ایک حیرت کی بات تھی۔

راجیو نے کہا کہ یہ زندگی بدل دینے والا لمحہ ہے، نہ صرف میرے لئے بلکہ ہمارے گروپ میں موجود دوسروں کے لئے بھی یہ بہت اہمیت رکھتا ہے۔

a3w
a3w