دہلی میں دیوالی سے ایک دن قبل ہوا کا معیار انتہائی ناقص درج
پٹاخوں سے نکلنے والے دھوئیں اور کھیتوں میں جلائے جانے والے ڈنٹھلوں سے ہوا میں آلودگی سے آج صبح دہلی کے ہوا کا معیار انتہائی ناقص درج ہوا۔
نئی دہلی: پٹاخوں سے نکلنے والے دھوئیں اور کھیتوں میں جلائے جانے والے ڈنٹھلوں سے ہوا میں آلودگی سے آج صبح دہلی کے ہوا کا معیار انتہائی ناقص درج ہوا۔
کل شام درج کردہ 24 گھنٹوں کے دوران اوسط معیار 259 درج ہوا تھا، جو گذشتہ 7 سالوں میں دیوالی سے ایک دن قبل اقل ترین تھا، تاہم رات کے دوران آلودگی میں اضافہ ہونے، درجہ حرارت میں گراوٹ اور کھیتوں سے نکلنے والے دھوئیں کے سبب آلودگی میں اضافہ ہوکر معیار 1,318 درج ہوا، جو ابھی تک اس موسم میں سب سے زیادہ تھا۔
دہلی کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج صبح 8 بجے اے کیو آئی 301 درج ہوا۔ دہلی میں موجود 35 اسٹیشنوں کے منجملہ 20 اسٹیشنوں میں ہوا کا معیار انتہائی ناقص زمرہ میں درج کیا گیا، جب کہ آنند وہار اسٹیشن میں اے کیو آئی 401 درج کیا گیا، جو شدید ترین تھا۔
دہلی کے نتظامیہ نے ہفتہ کے دن ایک حکم جاری کرکے آنند وہار اور پڑوسی علاقوں میں خانگی تعمیری کاموں پر امتناع عائد کیا تھا۔ پڑوسی شہروں غازی آباد، نوئیڈا، گریٹر نوئیدا، گرو گرام اور فرید آباد میں اے کیو آئی بالترتیب 302، 302، 285، 271 اور 256 درج کیا گیا، جو انتہائی ناقص زمرہ میں آتا ہے۔
صفر سے 50 تک اے کیو آئی بہتر سمجھا جاتا ہے۔ 51 سے 100 تک اطمینان بخش، 101 تا 200 متوسط، 201 سے 300 تک ناقص، 301 سے 400 تک انتہائی ناقص اور 401 تا 500 اے کیو آئی شدید زمرہ میں شامل ہوتا ہے۔