حیدرآباد

جمعیۃ اہلِ حدیث کے وفد کی ٹمریز چیئرمین محمد فہیم قریشی سے ملاقات، رمضان میں سحر و افطار و تراویح کے تاریخی انتظام پر مبارکباد

انہوں نے اعلان کیا کہ جمعیۃ اہلِ حدیث آئندہ تعلیمی و تدریسی سال کے دوران تمام نشستوں کو پُر کرنے، عوام میں شعور بیدار کرنے اور مستحق طلبہ کی رہنمائی کے لیے ٹمریز انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ ان معیاری تعلیمی سہولتوں سے استفادہ کرسکیں۔

حیدرآباد: جمعیۃ اہلِ حدیث حیدرآباد کے ایک نمائندہ وفد نے آج چیئرمین تلنگانہ اقلیتی رہائشی تعلیمی ادارہ جات سوسائٹی (ٹمریز) محمد فہیم قریشی سے تفصیلی ملاقات کرتے ہوئے ادارہ کی جانب سے ملتِ اسلامیہ بالخصوص پسماندہ اور مستحق طبقات کے لیے انجام دی جارہی مثالی خدمات پر انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ خبریں
"اظہار رائے کی آزادی کا مطلب دوسروں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں”: جسٹس راما سبرامنین
رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کا اختتام روحانی تزک و احتشام کے ساتھ تکمیل،مولانامفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
انیس الغرباء کے لئے احتجاج اور ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ، کل جماعتی اجلاس میں قرارداد کی منظوری
بوہرہ کمیونٹی میں ہر گھر میں حافظ قرآن بنانے کا ہدف اور معاشرہ ، تعلیم و صحت پر توجہ،ڈاکٹر الیاس نجمی
عیدالفطر سےقبل بی جے پی کامودی کٹس کاوزیرگجیندر سنگھ شیخاوت کےہاتھوں پوسٹر جاری۔

وفد نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تعلیمی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹمریز کے زیر اہتمام طلبہ کے لیے ماہِ رمضان المبارک میں سحر و افطار اور نمازِ تراویح جیسی روحانی و دینی سہولتوں کا باضابطہ انتظام کیا گیا، جو نہ صرف ایک تاریخی اقدام ہے بلکہ اقلیتی طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کی جانب ایک مثبت پیش رفت بھی ہے۔

نمائندوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ٹمریز نے معیاری، جدید اور مسابقتی تعلیم کی فراہمی کے ذریعے غریب اور کمزور طبقات کے طلبہ کو ایک باوقار تعلیمی پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، جس کے نتیجہ میں نمایاں اور حوصلہ افزا تعلیمی نتائج سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ادارے نہ صرف تعلیمی ترقی بلکہ اخلاقی و سماجی شعور کی بیداری میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ آئندہ تعلیمی سال میں بھی ادارہ اپنی کارکردگی کو مزید مستحکم کرتے ہوئے نئی بلندیوں کو چھوئے گا اور ملت کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں باوقار مقام دلانے میں کامیاب ہوگا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جمعیۃ اہلِ حدیث آئندہ تعلیمی و تدریسی سال کے دوران تمام نشستوں کو پُر کرنے، عوام میں شعور بیدار کرنے اور مستحق طلبہ کی رہنمائی کے لیے ٹمریز انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ ان معیاری تعلیمی سہولتوں سے استفادہ کرسکیں۔

اس موقع پر چیئرمین محمد فہیم قریشی نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹمریز کا بنیادی مقصد اقلیتی طلبہ کو اعلیٰ معیار کی تعلیم، جدید سہولتیں اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مسابقتی دنیا میں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہر طالب علم کی تعلیمی، رہائشی اور اخلاقی تربیت کا خصوصی خیال رکھا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ اے ریونتھ ریڈی کی قیادت میں ریاستی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ہمہ جہت ترقی کے لیے سنجیدہ، مخلص اور پُرعزم ہے۔ حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کے لیے جدید، مؤثر اور دور رس پالیسیوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے تاکہ انہیں سماجی طور پر بااختیار اور معاشی طور پر مستحکم بنایا جاسکے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹمریز آئندہ بھی شفافیت، معیار اور خدمت کے جذبہ کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا اور ملت کے روشن مستقبل کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔