بگدل استانہ قادریہ میں عظیم الشان روحانی اجتماع، پیر ہاشم الدین الگیلانی بغدادی کا پرتپاک استقبال
کرناٹک کے بگدل، ضلع بدر میں واقع استانۂ قادریہ میں حضرت شیخ ہاشم الدین الگیلانی بغدادی (بغداد شریف) کی آمد پر ایک عظیم الشان روحانی اجتماع منعقد ہوا، جہاں سجادہ نشین حضرت ڈاکٹر شاہ خلیفہ الحاج ادریس احمد قادری نے انتہائی ادب و احترام کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔
کرناٹک: کرناٹک کے بگدل، ضلع بدر میں واقع استانۂ قادریہ میں حضرت شیخ ہاشم الدین الگیلانی بغدادی (بغداد شریف) کی آمد پر ایک عظیم الشان روحانی اجتماع منعقد ہوا، جہاں سجادہ نشین حضرت ڈاکٹر شاہ خلیفہ الحاج ادریس احمد قادری نے انتہائی ادب و احترام کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ہزاروں مریدین، علماء و مشائخ اور عقیدت مند موجود تھے جنہوں نے اپنے پیر کی آمد پر والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔ صبح 11 بجے حضرت کی آمد کے ساتھ ہی خصوصی لنگر کا اہتمام پورے بگدل میں کیا گیا۔
بعد نماز مغرب دارالعلوم قادریہ کے طلبہ و طالبات نے نعتیہ کلام پیش کیا جبکہ حیدرآباد کے معروف نعت خواں قاری سید مصطفیٰ علی قادری نے اپنے منفرد انداز سے روحانی فضا کو معطر کیا۔ بعد نمازِ عشاء جلسۂ فیضانِ غوثِ اعظم منعقد ہوا، جس میں حضرت ڈاکٹر شاہ خلیفہ ادریس احمد قادری نے خیرمقدمی خطاب کرتے ہوئے پیر ہاشم الدین الگیلانی کی آمد کو فیضِ غوث اعظم کی آمد قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مریدین اپنے پیر سے مضبوط وابستگی رکھیں، ذکر و اذکار کی پابندی کریں، اور شریعت کے تقاضوں پر بھرپور عمل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ استانۂ قادریہ میں ہر ماہ 11 تاریخ کو گیارہویں شریف کی محفل اور لنگر کا اہتمام ہوتا ہے، جبکہ ہر قمری ماہ کی 28 تاریخ کو سرکار قادری گنج سوائی بادشاہی ناگوریؒ کے شہزادے حضرت سید محمد حسین شاہ العالم قادریؒ کی فاتحہ خوانی کی محفل منعقد ہوتی ہے۔
اس موقع پر پیر ہاشم الدین الگیلانی بغدادی نے بارگاہِ غوثِ اعظم عراق سے خصوصی دعا فرمائی، ذکر و اذکار اور نمازوں کی پابندی کی تلقین کی، اور سجادہ نشین ڈاکٹر شاہ خلیفہ ادریس احمد قادری کی صحت و عمر درازی کے لیے خصوصی دعا کی۔ جلسے سے مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری (جامعہ نظامیہ) نے غوث اعظمؓ کی کرامات و تعلیمات بیان کیں۔ مولانا محمد عبدالحمید رحمانی چشتی، صدر کل ہند تنظیم اصلاح معاشرہ نے استانہ قادریہ کی خدمات اور سجادہ نشین کی کاوشوں کا خصوصی ذکر کیا۔
مفتی وجیہ اللہ سبحانی نقشبندی قادری نے منقبتی کلام اور وعظ پیش کیا، جبکہ مولانا قاضی عبدالرزاق قادری نے غوث اعظمؓ کے علم و فیضان کو پوری دنیا میں جاری و ساری قرار دیا۔ ملک بھر کے ممتاز علماء و مشائخ، بشمول مولانا سید اکبر محی الدین قادری، ڈاکٹر سید جہانگیر علی قادری، مولانا حسن قادری، مولانا برکت علی، مولانا عارف شاہ قادری، اور متعدد دیگر مشائخ نے جلسے میں شرکت کی۔
مہمانانِ گرامی کا استقبال جناب شاہ محمد یوسف قادری ابو صاحب، غلام احمد بابا، سید نیر قادری، خلیفہ ادریس بابا، مولوی لئیخ احمد قادری اور جاوید پٹیل نے کیا۔ روحانی اجتماع کے دوران محفلِ سماع نے خصوصی رنگ جما دیا، جہاں نظیر نصیر وارثی برادران اور عتیق بندہ نوازی برادران نے صوفیانہ کلام پیش کر کے سامعین کے دل موہ لیے۔ یہ محفل سحر تک جاری رہی۔ آخر میں حضرت ڈاکٹر شاہ خلیفہ ادریس احمد قادری کی دعا پر اس عظیم الشان روحانی اجتماع کا اختتام عمل میں آیا۔