تلنگانہ

محبوب نگر میں میلادالنبیؐ جلوس کا شاندار استقبال، ہندو مسلم بھائی چارے کی مثال

قومی ایکتا کمیٹی کے جنرل سکریٹری محمد رفیق احمد قادری نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا اصل مقصد ہندو مسلم بھائی چارے کو فروغ دینا اور شہر میں امن و یکجہتی کو مستحکم کرنا ہے۔

محبوب نگر: قومی ایکتا کمیٹی محبوب نگر کے زیر اہتمام حسب روایت امبیڈکر چوک پر میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلوس کے موقع پر استقبالیہ شامیانہ لگایا گیا، جہاں ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ہندو مسلم قائدین، عوامی نمائندوں اور سرکاری و غیر سرکاری عہدیداروں نے شرکت کرتے ہوئے جلوس کا والہانہ استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ خبریں
کوہ مولا علی: کویتا کا عقیدت بھرا دورہ، خادمین کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کی سست روی پر اظہار برہمی
فراست علی باقری نے ڈاکٹر راجندر پرساد کی 141ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا
فیوچر سٹی کے نام پر ریئل اسٹیٹ دھوکہ، HILT پالیسی کی منسوخی تک جدوجہد جاری رہے گی: بی آر ایس
گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں ’’نومبر کی عظیم شخصیات‘‘ کے پانچ روزہ جشن کا شاندار اختتام، انعامی تقریب کا انعقاد
لوکل باڈیز انتخابات کے سلسلے میں کانگریس قائد عثمان بن محمد الہاجری کا اہم دورہ

اس موقع پر محبوب نگر کے رکن اسمبلی اینم سرینواس ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب گزشتہ چالیس برسوں سے شہر میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے، جس پر کمیٹی مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر ہمیشہ سے گنگا جمنی تہذیب اور بھائی چارے کے لیے مشہور رہا ہے۔

تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے چیرمین عبیداللہ کوتوال نے اپنے خطاب میں کہا کہ میلادالنبیؐ کے جلوس کا یہ استقبالیہ پروگرام گنگا جمنی تہذیب کی شاندار مثال ہے جو مسلسل چار دہائیوں سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

قومی ایکتا کمیٹی کے جنرل سکریٹری محمد رفیق احمد قادری نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا اصل مقصد ہندو مسلم بھائی چارے کو فروغ دینا اور شہر میں امن و یکجہتی کو مستحکم کرنا ہے۔

اس موقع پر ایس پی شریمتی ڈی جانکی، ڈی ایس پی، سرکل انسپکٹر اور دیگر پولیس عہدیداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کمیٹی نے محکمہ پولیس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں لکشمن یادو (چیرمین موڈا)، امتیاز اسحاق (سابق چیرمین اقلیتی فینانس کارپوریشن)، محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ (صدر ضلع مجلس)، محمد شبیر (سابق وائس چیرمین بلدیہ)، سنجیو مدیراج، چندر کمار گوڑ، الحاج محمد عبدالرافع ذکی (معتمد جامع مسجد)، سید شفیع الدین قادری (کنٹریکٹر)، خلیفہ حضرت پیر سید ہاشم الدین الگیلانی، خواجہ فیاض الدین، انور پاشاہ، تقی حسین تقی، ظہیر اختر، محمد عظمت، عبدالرحیم (بانی نواب میر محبوب علی خان فاؤنڈیشن)، محمد فیاض الماس، محمد اویس، حافظ ادریس سراجی (بی آر ایس)، پیر محمد صادق، محمد فخرالدین قریشی، جہانگیر پاشاہ قادری الکاظمی (فاؤنڈر کلب) سمیت مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور تلگو رپورٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا اختتام دعا و مبارکباد کے ساتھ ہوا۔