حیدرآباد کا ایک شخص ضلع کریم نگر میں کار حادثہ میں ہلاک
بتایا جاتا ہے کہ حادثہ رات تقریباً آٹھ بجے پیش آیا جب متاثرین کی کار سڑک کے ڈیوائیڈر اور اس کے بعد سامنے سے آنے والی ٹی جی ایس آر ٹی سی بس سے جا ٹکرائی۔ مرنے والے کی شناخت 32 سالہ کونگری مرتیونجے کے طور پر ہوئی ۔ اس کی اہلیہ اور دیگر افراد زخمی ہوگئے۔
حیدرآباد: حیدرآباد سے تعلق رکھنے والا ایک شخص ضلع کریم نگر میں کار حادثہ میں ہلاک ہوگیا جبکہ چند دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ پیر کی رات تیماپور منڈل کے اندرا نگر اسٹیج کے قریب پیش آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ حادثہ رات تقریباً آٹھ بجے پیش آیا جب متاثرین کی کار سڑک کے ڈیوائیڈر اور اس کے بعد سامنے سے آنے والی ٹی جی ایس آر ٹی سی بس سے جا ٹکرائی۔ مرنے والے کی شناخت 32 سالہ کونگری مرتیونجے کے طور پر ہوئی ۔ اس کی اہلیہ اور دیگر افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مرتیونجے خود گاڑی چلا رہاتھا اور ایک دوسری گاڑی کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں قابو کھو بیٹھا جس کے نتیجہ میں کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر مخالف سمت میں جا پہنچی اور بس سے ٹکرا گئی۔
حیدرآباد کا رہنے والا مرتیونجے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ کریم نگر گیاتھا اور واپسی پر یہ حادثہ پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی ایل ایم ڈی سب انسپکٹر سری کانت موقع پر پہنچے، زخمیوں کو ضلع اسپتال منتقل کیا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کردیا۔