سی بی آئی کا آپریشن سئی اسٹرائیک ۔ حیدرآباد کے بشمول ملک کے 35مقامات پر چھاپے
اس کارروائی کے ذریعہ ان بین الاقوامی نیٹ ورکس کو ختم کر دیا گیا جو فرضی شناخت کے ذریعہ امریکہ، برطانیہ، کویت، آئرلینڈ، سنگاپور اور ہندوستان کے شہریوں کو آن لائن دھوکہ دہی کا نشانہ بنا رہے تھے۔
حیدرآباد : سی بی آئی ہندوستان اور دیگر ممالک سے چلائے جانے والے بین الاقوامی سائبر مالیاتی جرائم کے نیٹ ورکس کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے تلنگانہ کے بشمول ملک بھر میں 35 مقامات پر چھاپے مارے۔ سی بی آئی نے امریکہ کی ایف بی آئی،برطانیہ، کویت، آئرلینڈ اور سنگاپور کے اشتراک سے آپریشن سئی اسٹرائیک کا آغاز کیا جس کے تحت نئی دہلی، بہار، مہاراشٹر، کرناٹک، پنجاب، راجستھان، اتر پردیش، اتراکھنڈ، تلنگانہ اور مغربی بنگال میں تلاشی لی گئی۔ اس کارروائی کے ذریعہ ان بین الاقوامی نیٹ ورکس کو ختم کر دیا گیا جو فرضی شناخت کے ذریعہ امریکہ، برطانیہ، کویت، آئرلینڈ، سنگاپور اور ہندوستان کے شہریوں کو آن لائن دھوکہ دہی کا نشانہ بنا رہے تھے۔
تلاشی مہم کے دوران سی بی آئی نے نئی دہلی سے چلنے والے ایک ایسے ہی نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا جو خاص طور پر امریکی شہریوں کو نشانہ بنا رہا تھا۔ ملزمین کے قبضہ سے لیپ ٹاپ، موبائل فون اور ہارڈ ڈسک کے بشمول کئی الکٹرانک آلات برآمد کئے گئے جن میں جرائم سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد موجود تھے۔
اس کارروائی کے دوران کلیدی ملزم فوکریہ پیٹر کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایک اور کارروائی میں نئی دہلی، غازی آباد اور کرناٹک سے آپریٹ ہونے والے گروہ کو پکڑا گیا جو ایک فرضی ویب سائٹ کے ذریعہ ہندوستانی شہریوں کو کویت کا ای ویزا اور وہاں کی بڑی کمپنیوں میں ملازمت دلانے کے نام پر رقم بٹور رہا تھا۔
تلاشی کے دوران فرضی کویتی ویزے، تقرر نامے اور ایک ملزم کے پاس سے 60 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔سی بی آئی نے برطانیہ، آئرلینڈ اور سنگاپور کے شہریوں کو لوٹنے والے نیٹ ورکس کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکا اور ان کھاتوں کی شناخت کر کے انہیں بند کر دیا جن کے ذریعہ جرائم کی رقم غیر ملکی متاثرین سے ملزمین تک پہنچائی جا رہی تھی۔ انٹرپول اور غیر ملکی ایجنسیوں کے تعاون سے کیے گئے اس آپریشن کا مقصد ٹکنالوجی کے ذریعہ منظم جرائم کرنے والے گروہوں کا خاتمہ کرنا تھا جس کے نتیجہ میں بین الاقوامی سطح پر سرگرم بڑے مالیاتی جرائم کے نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔