آخری رسومات کی تیاری کے دوران ایک شخص زندہ ہوگیا
تلنگانہ کے ونپرتی ضلع کے پیرلاگٹہ میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں آخری رسومات کی تیاری کے دوران ایک شخص اچانک زندہ ہوگیا۔
حیدرآبادـ تلنگانہ کے ونپرتی ضلع کے پیرلاگٹہ میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں آخری رسومات کی تیاری کے دوران ایک شخص اچانک زندہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹی رمیش نامی شخص نے اپنے پسندیدہ رہنما، سابق وزیر سنگی ریڈی نرنجن ریڈی کی تصویر کا ٹیٹو اپنے سینے پر بنوا رکھا تھا۔ رمیش اپنے رشتہ داروں کے گھر ناشتہ کرنے کے بعد اچانک شدید علیل ہو کر بے ہوش ہوگیا اور حرکت نہ کرنے پر ارکان خاندان نے سمجھا کہ اس کی موت ہوچکی ہے۔
خاندان والوں نے آخری رسومات کی تیاریاں بھی شروع کر دیں۔یہ خبر نرنجن ریڈی تک پہنچی تو وہ آخری دیدار کے لئے فوری طور پر وہاں پہنچ گئے۔ اس دوران انہوں نے رمیش کے سینے پر موجود اپنا ٹیٹو دیکھا تو شک ہوا کہ وہ سانس لے رہا ہے۔
انہوں نے فوراً پھولوں کی مالائیں ہٹوا کر اس کا نام لے کر زور سے پکارا جس پر رمیش کی پلکیں ہلنے لگیں۔
بعدازاں اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے بعد رمیش نے آنکھیں کھول لیں۔اچانک زندہ ہونے پر ارکان خاندان اور مقامی افراد خوشی سے جھوم اٹھے اور اسے ایک معجزہ قرار دیا۔