حیدرآباد

برسر اقتدار آنے کے بعد جاب کیلنڈر کی اجرائی کاتیقن: کے ٹی آر

کار گزار صدر بی آرا یس کے ٹی راما راو نے سرکاری ملازمتوں کے امتحانات کی تیاری کررہے نوجوانو ں کا مستقبل تابناک بنانے کا تیقن دیا۔

حیدرآباد: کار گزار صدر بی آرا یس کے ٹی راما راو نے سرکاری ملازمتوں کے امتحانات کی تیاری کررہے نوجوانو ں کا مستقبل تابناک بنانے کا تیقن دیا۔

کے ٹی آر نے کہا کہ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد وہ 4 دسمبر کو 10 بجے دن اشوک نگر میں نوجوانوں سے ملاقات کریں گے اوراقتدار میں آنے کے فوری بعد جاب کیلنڈر جاری کریں گے۔

اس کے علاوہ گروپ ii کی جائیدادوں کی تعداد میں مزید اضافہ کریں گے اور تقررات کے عمل کو تیزی سے مکمل کریں گے۔کے ٹی راما راو نے کہا نوٹیفکیشن کے اجراء کے متعلق تمام زیر التواء مقدمات کو حل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

پبلک سرویس کمیشن کو نوجوانوں کی امنگوں کے مطابق فعال و کارکرد بنایا جایگا۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ایک نوجوان کی حیثیت سے جس نے 10 سال تک کام کیا ہے اور ایک بھائی کی حیثیت سے وہ نوجوانوں کی امنگوں کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔

آج اشوک نگر اور مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ جوحصول روزگار کیلئے مختلف امتحانات کی تیاری کررہے ہیں نے کے ٹی آر سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران کے ٹی آر نے سرکاری محکموں میں تقررات سے متعلق مختلف مسائل پر بات چیت کی۔

انہوں نے نوجوانوں کو تیقن دیا کہ وہ الیکشن نتائج کے اعلان کے فوری بعد دوسرے ہی دن 10 بجے دن اشوک نگر میں سرکاری ملازمتوں کے خواہشمند نوجوانوں سے ملاقات کریں گے اور سرکاری ملازمتوں کی بھرتی سے متعلق تمام مسائل پرتفصیلی طور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری ملازمتوں کی تخلیق کرنے میں بی آرایس حکومت کی سنجیدگی پر سوال نہیں اٹھا سکتا۔

خاص کر کانگریس پارٹی جو ہر سال 1000 ملازمتیں بھی مہیا نہیں کرا سکی۔ انہوں نے کہا کہ بی آرا یس 2 لاکھ 30 ہزار سرکاری نوکریوں پر تقررات کے عمل جاری رکھے ہوئے ہے، جو ریاست کے نوجوانوں سے ایک لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے وعدے سے دگنازیادہ ہے۔ان میں 1,62,000 سے زیادہ سرکاری نوکریوں پر پہلے ہی تقرر ات ہوچکے ہیں۔

کے ٹی راما راو نے کہا کہ ملک میں کوئی ایسی ریاستی نہیں ہے جہاں گزشتہ 10 سالوں میں تلنگانہ سے زیادہ سرکاری ملازمتوں پر تقررات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کانگریس پارٹی کے قائدین صرف سیاسی بددیانتی کے ساتھ ان پر تنقید کررہے ہیں جبکہ خود انہیں اس معاملے میں ریاست کے نوجوانوں کو جواب دینا چاہئے۔

انہوں نے ریاست کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ حقائق سے واقفیت حاصل کریں کانگریس کی خود غرضانہ سیاست کے لیے اس مسئلے پر جھوٹے پروپیگنڈے کا جواب دیں۔ سرکاری ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کے ٹی آر نے اس مسئلہ پر ان سے کھل کر بات چیت کی۔

نوجوانوں نے کہا کہ اگرچہ ریاستی حکومت نے بڑے پیمانے پر سرکاری نوکریاں فراہم کی ہیں، لیکن تقررات کے عمل سے متعلق کچھ مسائل کی وجہ سے نوجوانوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور ہم نے ان مسائل پر کے ٹی آر کے ساتھ اپنے خیالات اور تجاویز کا تبادلہ کیاہے۔

نوجوانوں نے کے ٹی راما راو سے اقتدار میں واپس آنے کے بعد نوکریوں کی تعداد میں اضافہ کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ طلباء کی طرف سے دی گئی تجاویز کوذہن میں رکھتے ہوئے مثبت رویہ کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا۔

a3w
a3w