کے سی آر کے چیف منسٹر بننے کے بعد نئی سیاسی صورتحال پیدا ہوئی: ایٹالہ راجندر
ای راجندر نے حضور آباد کے ضمنی انتخاب میں اپنی جیت کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 31 اپریل 2021 کو غیر قانونی طور پر ٹی آر ایس سے نکال دیا گیا تھا۔
حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی ایم ایل اے ای راجندر نے کہا ہے کہ چندرشیکھرراو کے چیف منسٹر بننے کے بعد ایسی نئی سیاسی صورتحال پیدا ہوگئی جو تلنگانہ میں کبھی نہیں تھی۔ چندرشیکھرراو نے وزراء، ارکان اسمبلی اور پارٹی لیڈروں کو غلام بنانے کی کوشش کی تاکہ اُن کااپنا کوئی موقف یا رائے نہ ہو۔
ای راجندر نے حضور آباد کے ضمنی انتخاب میں اپنی جیت کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 31 اپریل 2021 کو غیر قانونی طور پر ٹی آر ایس سے نکال دیا گیا تھا۔ ایم ایل اے کی حیثیت سے استعفیٰ دینے کے6 ماہ بعد، حضور آباد کے عوام نے انہیں 2 نومبر 2021 کوکامیاب کیا۔ 2 نومبر 2021 وہ دن ہے جس دن تلنگانہ کی عزت نفس کی کامیابی ہوئی ہے۔
ای راجندر نے کہا کہ حضور آباد ضمنی انتخابات میں لاقانونیت، ظلم اور بددیانتی پر انصاف اور صداقت کی جیت ہوئی۔ حضور آباد کے عوام نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کے اعتماد کے سامنے رقومات، طاقت اور شراب درست نہیں۔ غرور، ظلم اور برائی کو روکنے کی طاقت صرف عوام کے پاس ہے۔