سوشیل میڈیا

داؤد ابراہیم کا نام استعمال کرکے خاتون کو لوٹ لیا گیا

خاتون نے کہا کہ جب بھی ملزمین نے مجھے فون کیا، انہوں نے میرے بچوں کو مارڈالنے کی دھمکی دی۔ انہوں نے مجھے یہ بھی بتایا کہ میرے بچے کس رنگ کے اور کیسے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔

پٹنہ: سائبرمجرموں نے انڈرڈاؤن داؤد ابراہیم کا نام استعمال کرتے ہوئے پٹنہ کی ایک خاتون کو 20 لاکھ روپے کا دھوکا دیا اور اُسے دہشت زدہ کرنے کے بعد آرٹی جی ایس اور این ای ایف ٹی معاملتوں کیلئے اُس کے بینک کھاتوں کا بھی استعمال کیا۔

 انہوں نے خاتون کے شوہر اور بچوں کو ہلاک کردینے کی دھمکی دی تھی۔ یہ خاتون کنکر باغ میں نیو چترگپت کی ساکن ہیں۔ پتراکر نگر پولیس اسٹیشن میں 19 افراد کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ متاثرہ نے اپنی شکایت میں پولیس کو بتایا کہ اس کے بچے ممبئی اور دہلی میں مقیم ہیں۔

 اُس نے کہا کہ جب بھی ملزمین نے مجھے فون کیا، انہوں نے میرے بچوں کو مارڈالنے کی دھمکی دی۔ انہوں نے مجھے یہ بھی بتایا کہ میرے بچے کس رنگ کے اور کیسے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔

 جب میں نے دہلی اور ممبئی میں اپنے بچوں سے ربط پیدا کیا اور ان سے سوال کیا کہ وہ کیا پہنے ہوئے ہیں تو انہوں نے پینٹ اور شرٹ کا وہی رنگ بتایا۔ میں سمجھی کہ ملزمین کا ایک بڑا رابطہ ہے۔

ملزمین نے مجھے آئی سی آئی سی آئی بینک میں دو اکاؤنٹ کھولنے پر مجبور کیا وہاں پہلے ہی میرا اکاؤنٹ تھا۔ انہوں نے میرے اکاؤنٹ سے تین کروڑ روپے کا لین دین کیا اور 20 لاکھ روپے پر مشتمل میری بچت کی رقم بھی ہڑپ لی۔

میں اس ڈر سے خاموش رہی کہ وہ لوگ میرے بچوں کو ہلاک کردیں گے۔ یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب محکمہ انکم ٹیکس نے متاثرہ خاتون اور اس کے شوہر کو ای میل اور ٹیکسٹ پیامات کے ذریعہ بھاری لین دین پر نوٹس دی۔ جب اس کے شوہر نے دریافت کیا تو اُس نے اسے ساری بات بتائی۔