15 خواتین کے ساتھ شادی کر کے نازیبا ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے والا شخص گرفتار
برانچی نارائن ناتھ کو گرفتار کیا گیا، جو شادی کرانے والی ویب سائٹس پر جعلی پروفائلز کے ذریعے ریلوے افسر، انکم ٹیکس افسر اور کسٹم افسر کے طور پر پیش آتا تھا۔ وہ بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین کو نشانہ بناتا تھا۔
اوڈیشہ: ہندوستان میں مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والی 15 خواتین کے ساتھ جعلی شادیوں کے ذریعے نازیبا ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے والے شخص کو اوڈیشہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، 43 سالہ برانچی نارائن ناتھ کو گرفتار کیا گیا، جو شادی کرانے والی ویب سائٹس پر جعلی پروفائلز کے ذریعے ریلوے افسر، انکم ٹیکس افسر اور کسٹم افسر کے طور پر پیش آتا تھا۔ وہ بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین کو نشانہ بناتا تھا۔
یہ معاملہ اُس وقت سامنے آیا جب کٹک کی رہائشی ایک خاتون نے گزشتہ ہفتے برانچی ناتھ کی جانب سے بلیک میل کیے جانے کی شکایت کی۔ خاتون کے شوہر 2022 میں ایک روڈ حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے، اور انہوں نے 2023 میں دوبارہ شادی کرنے کی غرض سے برانچی ناتھ کے پروفائل سے رابطہ کیا تھا۔ برانچی نے خود کو ٹی ٹی ای (ٹکٹ چیک کرنے والا) ظاہر کرتے ہوئے پرواکر شریواستو کا نام استعمال کیا تھا۔
پولیس کے کرائم برانچ کے سینئر افسر کے مطابق، برانچی نے خاتون کے خاندان سے شادی کی رضا مندی حاصل کرنے کے بعد، انہیں مسلسل کالیں کرکے جذباتی طور پر پھنسا لیا۔ ویڈیو کالز کے دوران اس نے خاتون کی نازیبا ویڈیوز بنائیں اور پانچ ماہ تک جسمانی اور مالی استحصال کیا۔ اس دوران، برانچی نے خاتون سے تقریباً پانچ لاکھ بھارتی روپے اور 32 گرام سونا بھی بلیک میل کرکے حاصل کیا۔
تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ برانچی نے متعدد ریاستوں میں کئی خواتین کے ساتھ دھوکا دہی کی ہے۔ اس کے فون ریکارڈز سے یہ بات سامنے آئی کہ تقریباً 15 خواتین اس کے جھانسے میں آچکی تھیں۔