دھونی کی بیٹی کو میسی کی دستخط شدہ جرسی کا تحفہ
اس کا کیپشن دیتے ہوئے ساکشی نے لکھا ہے جیسا باپ ویسی بیٹی۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ انہیں میسی نے بھیجا تھا یا ملاقات کے دوران دیا گیا تھا۔
نئی دہلی: ارجنٹائن کے عظیم فٹ بال کھلاڑی لیونل میسی نے اپنے دستخط کی ہوئی جرسی سابق ہندوستانی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی بیٹی جیوا دھونی کو بطور تحفے میں دی ہے۔
دھونی کی اہلیہ ساکشی دھونی نے اپنے انسٹاگرام پر جیوا دھونی کی جرسی پہنے ایک تصویر شیئر کی۔ اس جرسی پر میسی کے دستخط ہیں۔ جیوا میسی کے دستخط کو دیکھ رہی ہیں۔ اس کا کیپشن دیتے ہوئے ساکشی نے لکھا ہے جیسا باپ ویسی بیٹی۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ انہیں میسی نے بھیجا تھا یا ملاقات کے دوران دیا گیا تھا۔
دھونی کی فٹبال سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ وہ فٹ بال کے بہت بڑے مداح ہیں اور وہ خود بھی فٹبالر رہے ہیں۔ کرکٹ میں آنے سے پہلے ان کی پہلی محبت فٹ بال تھی اور وہ اپنے اسکول کی ٹیم کے گول کیپر تھے۔ دھونی جب ٹیم انڈیا کے کپتان تھے تو انہوں نے ہمیشہ فٹ بال کو ٹیم پریکٹس میں شامل کیا۔ اس کے علاوہ موقع ملنے پر وہ کئی بار فٹ بال کھیلتے بھی نظر آتے ہیں۔
میسی کو دوسری بار ورلڈ کپ گولڈن بال کا ایوارڈ ملا۔ تاہم گولڈن بوٹ فرانس کے کائیلین ایمباپے کے حصے میں آیا جنہوں نے ٹورنامنٹ میں 8 گول اسکور کیے۔ میسی نے فائنل میں 2 گول کئے۔ وہ ورلڈ کپ میں اب تک 26 میچ کھیل چکے ہیں جس میں وہ 16 گول کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
ان میں سے 12 فیلڈ گول تھے اور 4 پنالٹی سے کیے گئے۔ انہوں نے 2006 میں ارجنٹینا کے لیے ایک گول کیا تھا۔ 2010 میں اپنے دوسرے ورلڈ کپ میں وہ ایک بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔ 2014 میں انہوں نے 4 گول کیے تھے۔ 2018 میں ے 1 گول کیا۔ اپنے پانچویں ورلڈ کپ میں انہوں نے ارجنٹینا کے لیے 7 گول کیے ۔
میسی کی ٹیم ارجنٹینا نے 2022 کا ورلڈ کپ ٹائٹل جیتاہے۔ فائنل میں ارجنٹائن کی ٹیم نے فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دی تھی۔ میسی اس ورلڈ کپ میں سات گول کر چکے ہیں۔ یہ میسی کا پہلا ورلڈ کپ خطاب ہے۔