مہاراشٹراجرائم و حادثاتدہلی
ٹرینڈنگ

ماں کی ذرا سی غفلت نے 4 سالہ معصوم کی جان لے لی، 12 ویں منزل سے گرکر دردناک موت (ویڈیو)

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جس کھڑکی کے پاس بچی کو بٹھایا گیا تھا، وہاں کسی قسم کی حفاظتی گرِل یا جالی موجود نہیں تھی۔ یہی لاپرواہی اس معصوم کی جان لے گئی۔ گرنے کے فوراً بعد بچی کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔

ممبئی: ممبئی کے نواحی ضلع پال گھر کے نایگاؤں علاقہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں صرف 4 سال کی ایک بچی انویکا پراجاپتی کی 12 منزل سے گر کر موت واقع ہو گئی۔ یہ سانحہ نایگاؤں (ایسٹ) کی نوکار نامی عمارت میں پیش آیا، جس نے ہر سننے والے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آچکی ہے جسے دیکھ کر کسی کی بھی روح کانپ جائے۔

اطلاعات کے مطابق، انویکا اپنی ماں کے ساتھ ایک رشتہ دار کے گھر آئی ہوئی تھی۔ جب وہ واپس لوٹنے کی تیاری کررہے تھے، تبھی اس کی ماں نے کچھ دیر کے لئے بچی کو کھڑکی کے قریب رکھے شو رَیک (جوتوں کے اسٹینڈ) پر بٹھا دیا اور خود کسی کام میں مصروف ہو گئی۔ اسی دوران بچی کا توازن بگڑ گیا اور وہ کھلی کھڑکی سے سیدھے نیچے گر گئی۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جس کھڑکی کے پاس بچی کو بٹھایا گیا تھا، وہاں کسی قسم کی حفاظتی گرِل یا جالی موجود نہیں تھی۔ یہی لاپرواہی اس معصوم کی جان لے گئی۔ گرنے کے فوراً بعد بچی کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثہ کی پوری ویڈیو عمارت میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گئی ہے، جو اَب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

واقعہ کے بعد انویکا کی ماں کا روتے روتے برا حال ہو گیا ہے۔ پولیس نے اس افسوسناک واقعہ کو "حادثاتی موت” (Accidental Death) کے تحت درج کر لیا ہے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملہ کی باریکی سے تفتیش کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ صرف غفلت تھی یا کسی اور پہلو پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔

یہ واقعہ نہ صرف دکھ بھرا ہے بلکہ ایک سنگین وارننگ بھی ہے کہ گھروں میں، خاص طور پر بلند و بالا عمارتوں میں بچوں کی حفاظت کو لے کر والدین کو کتنی احتیاط برتنی چاہئے۔ معمولی سی غفلت ایک ننھی سی جان کی موت کا سبب بن سکتی ہے۔