امریکہ و کینیڈا
ٹرینڈنگ

بائیکاٹ مہم کا زبردست اثر، میکڈونلڈز کا اسرائیلی فرنچائز سے ریسٹورنٹس واپس خریدنے کا فیصلہ

امریکی فاسٹ فوڈ چین اسرائیل کے غزہ پر حملے کے بعد سے بائیکاٹ کا سامنا کر رہی ہے۔ اکتوبر 2023 میں اسرائیلی میکڈونلڈز کی فرنچائز الونیال نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیلی فوج کو مفت کھانا عطیہ کرے گی۔

واشنگٹن: امریکی فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈز نے دنیا بھر میں بائیکاٹ مہم کا سامنا کرنے کے بعد اپنی تیس سال پرانی اسرائیلی فرنچائز واپس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق میکڈولنڈز اسرائیل میں قائم 225 ریسٹورنٹس، جن سے 5 ہزار افراد کا روزگار وابستہ ہے، ایلونیل لمٹیڈ نامی فرنچائز کے مالک سے واپس خرید رہا ہے۔

امریکی فاسٹ فوڈ چین اسرائیل کے غزہ پر حملے کے بعد  سے بائیکاٹ کا سامنا کر رہی ہے۔ اکتوبر 2023 میں اسرائیلی میکڈونلڈز کی فرنچائز الونیال نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیلی فوج کو مفت کھانا عطیہ کرے گی۔

رائٹرز کے مطابق میکڈونلڈز عالمی برانڈ ہے جس کی فرنچائز بالعموم مقامی کمپنیوں کو دیے جاتے ہیں جو آزادانہ حیثیت میں کام کرتی ہیں۔

میکڈونلڈز کے سی ای او کرس کیمپزنسکی نے جنوری میں کہا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ اور اُس سے باہر کے خطوں میں بھی میکڈونلڈز کو بائیکاٹ کے بعد شدید منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹل لائسنسڈ مارکیٹس کے صدر جو سیمپلز کے مطابق میکڈونلڈز اسرائیلی مارکیٹ سے جڑا رہے گا۔ چند ماہ میں ڈیل مکمل ہونے پر میکڈونلڈ ایلونیل کے ریسٹورنٹس کا نظم و نسق سنبھالے گا اور ملازمین کو برقرار رکھے گا۔