تلنگانہ

شوبھایاترا میں نوجوان چاقو کے ساتھ گھس پڑا ،کریم نگر میں صورتحال کشیدہ، پولیس کا لاٹھی چارج

پولیس اور جلوسیوں کے درمیان گرماگرم بحث وتکرار بھی ہوگئی۔جلوس میں شامل افراد نے الزام لگایا کہ پولیس نے اس نوجوان کو بچانے کی کوشش کی جوجلوس میں ہنگامہ آرائی کرنے کی کوشش کررہاتھا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے کریم نگرٹاون میں کشیدگی دیکھی گئی کیونکہ ایک نوجوان نے کل شب ٹاون میں نکالے گئے شوبھایاترا جلوس کے دوران چاقو کے ساتھ رقص کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی کی۔یہ یاترا جب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس اسپتال کے قریب منچریال چوک پر پہنچی تو ایک نوجوان اس یاترا میں گھس پڑا اور اس نے چاقو ہاتھ میں لہراتے ہوئے رقص کرنا شروع کردیا۔

متعلقہ خبریں
گنیش جلوس کے دوران پولیس عہدیداروں کا رقص کرنے کا ویڈیو وائرل
ترنمول کانگریس قائد کا قتل باروپور میں کشیدگی
مسلم نوجوان کی ہلاکت، یوپی کے موضع میں کشیدگی

اس نوجوان کی شناخت جئے دیوسنگھ کے طورپر کی گئی ہے۔اس واقعہ کا علم ہوتے ہی پولیس وہاں پہنچ گئی جس نے اس نوجوان کو حراست میں لے لیا۔جب پولیس اس نوجوان کو حراست میں لے کر اپنی گاڑی کے ذریعہ پولیس اسٹیشن لے جانے کی کوشش کررہی تھی تو جلوس میں شامل افراد نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے پولیس کو ایسا کرنے سے روکنے کی کوشش کی اور نعرے بازی کرتے ہوئے پولیس کی گاڑی کا تعاقب کیا۔

اس موقع پر پولیس اور جلوسیوں کے درمیان گرماگرم بحث وتکرار بھی ہوگئی۔جلوس میں شامل افراد نے الزام لگایا کہ پولیس نے اس نوجوان کو بچانے کی کوشش کی جوجلوس میں ہنگامہ آرائی کرنے کی کوشش کررہاتھا۔

پولیس کی جانب سے اس نوجوان کو پولیس اسٹیشن منتقل کرنے کے دوران جلوسیوں نے پولیس کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا۔جلوس میں شامل ایک شخص پولیس کی گاڑی پر چڑھ گیا اور اس گاڑی کو روکنے کی کوشش کی جبکہ بعض دیگر افراد نے پولیس کی گاڑی کا تعاقب کیا اور گاڑی کے شیشوں کو نقصان پہنچایا۔

ان جلوسیوں نے پولیس کے رویہ پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی۔پولیس کی اس کارروئی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جلوسیوں نے منچریال چوک پر دھرنا دیا۔پولیس نے اس موقع پر جلوسیوں کے جذبات کو سرد کرنے کی کوشش۔پولیس نے احتجاجیوں کی حمایت کرنے والوں پر ہلکا طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ان کو منتشر کردیا۔

اس واقعہ کے ویڈیوز سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئے۔اس واقعہ پر بی جے پی کے لیڈروں اورکارکنوں نے تری ٹاون پولیس اسٹیشن پہنچ کر بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا اور گرفتار شخص کی رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔

اس احتجاج کے نتیجہ میں کشیدگی پھیل گئی۔پولیس کی بھاری فورس کو تعینات کرتے ہوئے ہلکالاٹھی چارج کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کیاگیا۔پولیس نے اس کی گاڑی کو نقصان پہنچانے اور ان کے فرائض میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کے سلسلہ میں بعض افراد کے خلاف معاملہ درج کرلیا۔

اسی دوران اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ کریم نگر بنڈی سنجے نے لاٹھی چارج کرنے پر پولیس پر شدید برہمی کااظہار کیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس عہدیدار جن کو مسئلہ کو حل کرنا چاہئے، نے مسائل پیداکئے۔انہوں نے ڈی جی پی سے فون پر بات کرتے ہوئے جلوسیوں کے ساتھ نامناسب سلوک کرنے والے ملازمین پولیس کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کیا۔

a3w
a3w