عام آدمی پارٹی نے ایم سی ڈی میں بی جے پی کا 15 سالہ اقتدار ختم کردیا
جیت کے بعد اپنے پہلے خطاب میں اروند کجریوال نے جو کافی خوش اور پرجوش دکھائی دے رہے تھے‘ قومی دارالحکومت میں بلدی سہولتوں کو بہتر بنانے کا عہد کیا۔
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے چہارشنبہ کے دن 134 نشستوں کے ساتھ ایم سی ڈی الیکشن جیت لیا۔ اس نے باوقار میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ کردیا۔ اس نے 250 رکنی ایوان میں کانگریس کو صرف 9 نشستوں تک محدود کردیا۔
جیت کے بعد اپنے پہلے خطاب میں اروند کجریوال نے جو کافی خوش اور پرجوش دکھائی دے رہے تھے‘ قومی دارالحکومت میں بلدی سہولتوں کو بہتر بنانے کا عہد کیا۔
انہوں نے اس کے لئے مرکز اور وزیراعظم نریندرمودی کا ”آشیرواد“ مانگا۔ اکزٹ پول میں بی جے پی کی بڑی ہار کی پیش قیاسی کی گئی تھی لیکن اس نے 104 میونسپل وارڈس جیتتے ہوئے کڑا مقابلہ کیا جبکہ کانگریس صرف 9 تک سمٹ کر رہ گئی۔ پچھلے الیکشن میں اس کے 30 کونسلرس تھے۔ اِس بار 3 آزاد امیدوار بھی کامیاب رہے۔
عام آدمی پارٹی دفتر میں ورکرس سے خطاب میں چیف منسٹر اروند کجریوال نے کہا کہ بلدی ادارہ کو کرپشن اور رشوت سے پاک کیا جائے گا۔ ان کے نائب منیش سسوڈیہ نے دہلی کے ووٹرس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام کے خط ِ اعتماد نے ”دنیا کی سب سے بڑی اور انتہائی منفی جماعت“ کو ہرانے میں عام آدمی پارٹی کی مدد کی۔
کڑے پہرہ میں دہلی کے 42 مراکز میں ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے شروع ہوئی تھی۔ ابتدائی رجحان بی جے پی کے حق میں آنے لگے تھے۔ ایک مرحلہ میں بی جے پی 107 نشستوں پر اور عام آدمی پارٹی 95 پر آگے چل رہی تھی۔ عام آدمی پارٹی کو دھیرے دھیرے سبقت ملنے لگی اور آخرکار اس نے 134 وارڈس جیت لئے۔
بی جے پی کے حصہ میں 104 نشستیں آئیں۔ اس نے اتنا نقصان نہیں اٹھایا جتنا کہ اکزٹ پول میں پیش قیاسی کی گئی تھی۔ آزاد امیدوار شکیلہ بیگم نے شمال مشرقی دہلی کے سیلم پور وارڈ سے جیت حاصل کی۔ عام آدمی پارٹی کے رکن راجیہ سبھا سنجے سنگھ نے کہا کہ صرف 10 سال پرانی پارٹی نے ملک کی سب سے بڑی پارٹی (بی جے پی) کو اس کے گڑھ میں ہرادیا۔
نتائج نے پھر ثابت کیا ہے کہ عام آدمی پارٹی پکی ایماندار پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتائج اس لحاظ سے بھی قابل تعریف ہیں کہ بی جے پی نے اپنے تمام اعلیٰ قائدین بشمول 17 مرکزی وزرا کو انتخابی مہم میں جھونک دیا تھا۔ دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتا نے کہا کہ 15 سال کی حکومت مخالف لہر کے باوجود ہماری کارکردگی بہتر رہی۔
ہم نے میونسپل کارپوریشنس میں دہلی کے عوام کے لئے کام کیا لیکن ہوسکتا ہے کہ کچھ لوگ خوش نہیں تھے۔ بی جے پی دفتر میں جشن کا سماں تھا۔ لاؤڈ اسپیکرس پر دیش بھکتی کے گیت بج رہے تھے۔
دفتر کو رنگین غباروں سے سجایا گیا تھا۔ سڑک پر جو ہورڈنگس لگائی گئی تھیں ان پر ”اچھے ہوں گے 5 سال‘ ایم سی ڈی میں بھی کجریوال“ لکھا تھا۔ آئی اے این ایس کے بموجب میونسپل کارپوریشن الیکشن میں عام آدمی پارٹی کو واضح اکثریت ملنے کے بعد چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہا کہ یہ پورے ملک کے لئے واضح پیام ہے کہ مثبت سیاست کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام منفی سیاست سے اُکتاگئے ہیں۔ وہ اب اسے برداشت نہیں کریں گے۔ کجریوال نے کہا کہ ہم منفی سیاست کے قائل نہیں۔ ہم ایک دوسرے کو گالی دینے کی راج نیتی نہیں کرتے۔ ہم نے اچھی حکمرانی‘ بہتر تعلیمی نظام‘ علاج معالجہ اور دیانتدار حکومت کے نام پر ووٹ مانگا۔ جنتا نے ہمیں آشیرواددیا۔ ہم نے حکومت ِ دہلی کو بہتر بنایا۔ اب عوام نے ہمیں ایم سی ڈی کو بھی بہتر بنانے کا خط ِ اعتماد دیا ہے۔