وہ دن دور نہیں جب چیف منسٹر کو دراندازوں کے سامنے جھکنا پڑے گا: چیف منسٹر آسام ہیمنت
چیف منسٹر آسام ہیمنت بشواشرما نے جمعہ کے دن زور دے کر کہا کہ دراندازی روکنا صرف مرکزی حکومت کی نہیں ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔
جمشید پور(جھارکھنڈ): چیف منسٹر آسام ہیمنت بشواشرما نے جمعہ کے دن زور دے کر کہا کہ دراندازی روکنا صرف مرکزی حکومت کی نہیں ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے راہول گاندھی سے جاننا چاہا کہ اپنی ذات ظاہر کئے بغیر ذات پات پر مبنی سروے کیسے ہوسکتا ہے۔ شرما نے جو جھارکھنڈ میں شریک الیکشن انچارج ہیں، جمشید پور میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ جھارکھنڈ کا سنتھال پرگنہ علاقہ دراندازی سے شدید متاثر ہوا ہے۔
گزشتہ 20 برس میں یہاں کے مختلف حلقوں میں دراندازوں کی آبادی 50-60فیصد بڑھ گئی ہے۔ صورتحال آسام جیسی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آسام میں مسلم آبادی جو 1952ء میں 12فیصد تھی، دراندازی کی وجہ سے آج بڑھ کر 40تا42فیصد ہوگئی ہے۔
دراندازی بڑھتی رہی تو وہ دن دور نہیں جب چیف منسٹر کو دراندازوں کے سامنے جھکنا پڑے گا۔ چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین نے دراندازی کے لئے بار بار مرکز کو موردِ الزام ٹھہرایا۔
وہ کہتے ہیں کہ اِس کی روک تھام مرکز کی ذمہ داری ہے۔ شرما نے کہا کہ سیاست جاری رہے گی، حکومتیں آئیں گی اور جائیں گی، لیکن ریاست کی حفاظت کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔