بریکنگ نیوز: اڈیشہ میں بھیانک ٹرین حادثہ، 50 مسافر ہلاک، سینکڑوں زخمی، ہلاکتوں میں اضافہ کا اندیشہ
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب شالیمار-چینائی کورومنڈل ایکسپریس ٹرین اسٹیشن پر کھڑی ایک مال گاڑی سے ٹکراگئی جس کے بعد اس کے چار ڈبے پٹری سے اتر گئے۔
بھونیشور: اوڈیشہ کے بالاسور ضلع کے بہناگا ریلوے اسٹیشن کے قریب جمعہ کی شام پیش آئے ایک بڑے ٹرین حادثے میں کم از کم 50 مسافر ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب شالیمار-چینائی کورومنڈل ایکسپریس ٹرین اسٹیشن پر کھڑی ایک مال گاڑی سے ٹکراگئی جس کے بعد اس کے 8 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایکسپریس ٹرین بہناگا اسٹیشن پر کھڑی ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد اس کی 8 مسافر بوگیاں پٹری سے اترنے کے بعد الٹ گئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حادثہ میں 30 افراد کی ہلاکت واقع ہوئی ہے جبکہ سینکڑوں مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ سرکاری تصدیق ابھی نہیں ہو سکی ہے۔
اوڈیشہ کے اسپیشل ریلیف کمشنر ستیہ برتا ساہو نے بالاسور میں اوڈیشہ ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس کی ٹیم کو تلاش اور بچاؤ کارروائیوں کے لئے فوری طور پر مقام حادثہ پہنچے کی ہدایت دی ہے۔
اطلاع ملتے ہی بالاسور کلکٹر، ایس پی اور دیگر اہلکار ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لئے موقع پر پہنچ گئے۔ ریلوے حکام اب موقع پر موجود ہیں۔ حکام نے بتایا کہ تقریباً 20 ایمبولینسوں کو جائے حادثہ پر بھیج دیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا سکے۔
بھدرک سے دو فائر ٹیمیں موقع پر روانہ کی گئیں۔ بالاسور میں ایک ہنگامی ہیلپ لائن کھولی گئی ہے جس کا نمبر 916782262286+ہے۔
اوڈیشہ حکومت نے فائر سروس کے ڈی جی کو موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بالاسور میڈیکل کالج سے ڈاکٹر بھیجے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اب تک بالاسور میڈیکل کالج میں 10 زخمی مسافروں کو داخل کرایا گیا ہے۔
بالاسور اور اس کے آس پاس کے تمام میڈیکل کالج اور تمام اسپتالوں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ ایس سی بی میڈیکل کالج، کٹک کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔