قومی

عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی کنور وجئے پرتاپ سنگھ معطل

عام آدمی پارٹی(اے اے پی) نے اتوار کے دن امرتسر نارتھ کے رکن اسمبلی اور سابق آئی پی ایس عہدیدار کنور وجئے پرتاپ سنگھ کو مبینہ پارٹی مخالف سرگرمیوں پر 5 سال کیلئے پارٹی سے معطل کردیا۔

چندی گڑھ (پی ٹی آئی) عام آدمی پارٹی(اے اے پی) نے اتوار کے دن امرتسر نارتھ کے رکن اسمبلی اور سابق آئی پی ایس عہدیدار کنور وجئے پرتاپ سنگھ کو مبینہ پارٹی مخالف سرگرمیوں پر 5 سال کیلئے پارٹی سے معطل کردیا۔

اُنہوں نے چند دن قبل غیر متناسب اثاثے کیس میں امرتسر میں شرومنی اکالی دل قائد بکرم جیت سنگھ مجیٹھیا کے بنگلہ پر ویجلنس بیورو کی ٹیم کے چھاپے پر سوال اُٹھایا تھا۔

اُنہیں معطل کرنے کا فیصلہ عام آدمی پارٹی کی سیاسی امور کمیٹی نے کیا۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ اُنہوں نے کہاکہ حکومت کا بیان واضح ہے کہ منشیات کے خلاف مہم پر سیاست گوارہ نہیں۔ منشیات کے خلاف مہم میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کیلئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔

سوشل میڈیا پر معطلی کی خبر آتے ہی کنور وجئے پرتاپ سنگھ نے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ ”کبیر جس مرنے سے جگ ڈرے میرے من آنند“ ویجلنس بیورو نے 25 جون کو مجیٹھیا کو گرفتارکرلیا تھا۔