دہلی

وزیرستان خودکش حملہ میں ہندوستان کا ہاتھ ہونے کی تردید

وزارت خارجہ اتوار کے دن پاکستانی فوج کے اِس دعویٰ کو مسترد کردیا کہ وزیرستان خودکش حملہ میں ہندوستان کا ہاتھ ہے۔ اِس حملہ میں 13 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) وزارت خارجہ اتوار کے دن پاکستانی فوج کے اِس دعویٰ کو مسترد کردیا کہ وزیرستان خودکش حملہ میں ہندوستان کا ہاتھ ہے۔ اِس حملہ میں 13 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر بیان میں کہاکہ ہم نے پاکستانی فوج کا سرکاری بیان دیکھا ہے جس میں 28 جون کے وزیرستان حملہ کیلئے ہندوستان پر الزام دھرا گیا ہے۔ ہم اِ س بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع شمالی وزیرستان میں ہفتہ کی صبح خودکش حملہ میں 13 پاکستانی فوجی ہلاک اور دیگر 29 بشمول 19 شہری زخمی ہوگئے تھے۔ سیکوریٹی ایجنسیوں کے حوالہ سے پاکستانی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ ایک خودکش بمبار نے دھماکو مادہ سے لدی گاڑی بم کو ناکارہ بنانے والے یونٹ کی آئی ای ڈی گاڑی سے ٹکرادی تھی۔

علاقہ میں فوجی نقل وحرکت کے باعث کرفیو نافذ تھا۔ کرفیو کے بیچ یہ حملہ ہوا۔ اندھادھند فائرنگ کی بھی اطلاع ہے۔ طاقتور دھماکہ میں 13 فوجی ہلاک اور دیگر 29 زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) سے جڑے حافظ گل بہادر گروپ کے ایک ذیلی دھڑے نے کہاجاتا ہے کہ خودکش حملہ کی ذمہ دا ری قبول کی ہے۔