عامر خان نے اپنے آفس میں پوجا کی، تصویریں وائرل
ان تصویروں میں عامر خان کو کلش (ایک دھاتی برتن) پکڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس کے اوپر ایک ناریل بھی رکھا ہوا ہے جو ایسے مواقع پر استعمال ہوتا ہے۔ وہ اس کے بعد پوجا کرنے لگتے ہیں۔
ممبئی: اداکار عامر خان نے حال ہی میں عامر خان پروڈکشن کے اپنے دفتر میں پوجا کی۔ اس موقع کی تصاویر لال سنگھ چڈھا کے ڈائریکٹر ادویت چندن نے انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں۔
ان تصویروں میں عامر خان کو کلش (ایک دھاتی برتن) پکڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس کے اوپر ایک ناریل بھی رکھا ہوا ہے جو ایسے مواقع پر استعمال ہوتا ہے۔ وہ اس کے بعد پوجا کرنے لگتے ہیں۔
اداکار کو ایک روایتی قمیص اور جینز پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ گلے میں ایک لمبا گمچھا بھی پہنے ہوئے تھے اور ماتھے پر بڑا سا تلک بھی لگائے ہوئے تھے۔
ادویت چندن نے پوجا کے مقصد کا ذکر نہیں کیا ہے۔ انہوں نے #AamirKhanProductions ہیش ٹیگ کے ساتھ تصاویر پوسٹ کی ہیں۔ جمعرات کو پوسٹ کی گئی تقریب کی تصاویر اب وائرل ہو گئی ہیں۔
عامر خان کی سابق اہلیہ کرن راؤ بھی پوجا کے موقع پر موجود تھیں اور دونوں نے مل کر پوجا کی رسومات انجام دیں۔ اس موقع پر دفتر کے عملے کے کئی ارکان بھی پوجا میں حصہ لیتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
اس ہفتے کے شروع میں عامر خان نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ وہ ایک سال بعد اداکاری کے میدان میں واپس آئیں گے۔ اداکار نے مزید کہا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاریں گے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ فی الحال بالکل فری ہیں اور اپنے خاندان کے ساتھ کچھ وقت گذارنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کچھ نہیں کر رہا، میں کافی عرصے سے کام کر رہا ہوں، اس لیے اب میں فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔
عامر خان آخری بار فلم لال سنگھ چڈھا میں نظر آئے تھے جس میں کرینہ کپور نے بھی اہم رول ادا کیا تھا۔ اس فلم کا عام ہندوستانی شہریوں کی جانب سے زبردست بائیکاٹ کیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں اس فلم نے خاطر خواہ کمائی نہیں کی اور ساتھ ہی فلم باکس آفس پر بھی فلاپ ہوگئی۔