قومی شاہراہوں پرحادثات، مسافرین کیلئے آسان معلومات، شاہراہوں پر کیو آر کوڈز لگانے کا فیصلہ
تلنگانہ میں قومی شاہراہوں پر اکثر حادثات پیش آتے ہیں، خاص طور پر آدھی رات کے وقت جہاں متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کرنے یا متعلقہ حکام تک اطلاع پہنچانے میں دشواری ہوتی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں قومی شاہراہوں پر اکثر حادثات پیش آتے ہیں، خاص طور پر آدھی رات کے وقت جہاں متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کرنے یا متعلقہ حکام تک اطلاع پہنچانے میں دشواری ہوتی ہے۔
ایسے حالات میں گاڑی چلاتے ہوئے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت نے شاہراہوں پر ایمرجنسی سروس معلومات کے لئے کیو آر کوڈز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کوڈز ہر 10 کلومیٹر کے فاصلہ پر لگائے جائیں گے تاکہ سفر کے دوران مسافروں کے لئے فوری اور آسان معلومات دستیاب ہو سکیں۔
میدک، سنگاریڈی، سدی پیٹ اوروقارآباد اضلاع سے گزرنے کے دوران چھ قومی شاہراہیں ہیں۔ ان شاہراہوں پر حادثات یا ایمرجنسی کی صورت میں یہ جاننا مشکل ہوتا ہے کہ کس سے رابطہ کیا جائے اور کبھی کبھار پٹرول ختم ہونے جیسے مسائل بھی پیش آتے ہیں۔
کیو آر کوڈز کے ذریعہ مسافروں کو یہ تمام معلومات فوری اور آسانی سے دستیاب ہوں گی۔ یہ بورڈز ٹول پلازہ، شہروں کی داخلہ سڑکوں، اہم شہروں اور ہائی ویز کے آغاز و اختتام پر، سلپ روڈز اور مرکزی جنکشن، پٹرول پمپ اور سروس سنٹرس جیسے مقامات پر نصب کئے جائیں گے۔
منتخب مقامات پر یہ بورڈستین زبانوں میں ہوں گے تاکہ گاڑی چلانے والے آسانی سے سمجھ سکیں۔ کیو آر کوڈ اسکین کرنے پر تمام معلومات فوری طور پر فون اسکرین پر ظاہر ہوں گی اور مطلوبہ معلومات پر کلک کرنے سے تفصیل حاصل کی جا سکے گی۔
اس کے ذریعہ این ایچ کی تعمیر اور دیکھ بھال کا دورانیہ، ہائی وے نمبر، پراجکٹ کا رقبہ اور لمبائی، پٹرولنگ، ٹول، پروجیکٹ منیجر اور دیگر حکام کے فون نمبر، قریبی اسپتال، پٹرول پمپ، واش روم، ریستوران، پولیس اسٹیشن، گاڑی سروس اسٹیشن، ای چارجنگ اسٹیشن، پنکچر شاپس اور ہائی وے کنارے موجود ریسٹ ایریاز کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
ان سہولیات سے نہ صرف شاہراہ کی حفاظت بہتر ہوگی بلکہ مسافروں کو تمام اہم قومی شاہراہوں کی معلومات اور ایمرجنسی نمبرات آسانی سے دستیاب ہوں گے۔ اس سے صارفین کا تجربہ بہتر ہوگا اور قومی شاہراہوں پر آگاہی میں اضافہ ہوگا۔