گورنر آندھراپردیش ایس عبدالنذیر کو تلنگانہ کی زائد ذمہ داری
گورنر تلنگانہ کے عہدہ سے تمیلی سائی سوندراراجن نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ سمجھاجاتا ہے کہ تامل ناڈو سے لوک سبھاانتخابات میں وہ مقابلہ کریں گی۔

حیدرآباد: گورنر تلنگانہ کے عہدہ سے تمیلی سائی سوندراراجن نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ سمجھاجاتا ہے کہ تامل ناڈو سے لوک سبھاانتخابات میں وہ مقابلہ کریں گی۔
بتایاجاتا ہے کہ ان کو بی جے پی کا ٹکٹ چینائی سنٹرل یا تھوتھکوڈی سے دیا جائے گا۔ انہوں نے اپنا مکتوب استعفیٰ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کو بھیج دیا ہے۔
تمیلی سائی اس سے قبل تامل ناڈو بی جے پی کی صدر رہ چکی ہیں۔ گذشتہ کچھ عرصہ سے یہ اطلاعات گشت کررہی تھیں کہ وہ سرگرم سیاست میں واپس ہوں گی۔ انہوں نے پڈوچیری لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا۔
تمیلی سائی کو 8 ستمبر 2019 کو تلنگانہ کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ تلنگانہ کی پہلی خاتون گورنر تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے پڈوچیری کے انچارج لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر اضافی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں۔
سوندراراجن گورنر بنائے جانے سے پہلے 20 سال تک تامل ناڈو کی سیاست میں سرگرم تھیں۔ انہوں نے بی جے پی میں سرگرمی سے کام کیا۔ 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں جنوبی چینائی پارلیمانی سیٹ سے انہوں نے مقابلہ کیا تھا تاہم ان کو شکست ہوئی تھی۔
تمیلی سائی کے گورنر تلنگانہ کے عہدہ سے استعفیٰ پر گورنر آندھراپردیش ایس عبدالنذیرکو تلنگانہ کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔