جنوبی بھارت

اوڈیشہ میں بھیانک ٹرین حادثہ، 70 افراد ہلاک (تفصیلی خبر)

اوڈیشہ میں جمعہ کے روز 3 ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم میں کم از کم 70 افراد ہلاک اور زائد از 350 زخمی ہوگئے۔ بنگلورو۔ ہوڑہ سوپر فاسٹ اکسپریس، شالیمار۔ چینائی سنٹرل کورا منڈل اکسپریس اور ایک مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔

بالا سور (ہوڑہ) : اوڈیشہ میں جمعہ کے روز 3 ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم میں کم از کم 70 افراد ہلاک اور زائد از 350 زخمی ہوگئے۔ بنگلورو۔ ہوڑہ سوپر فاسٹ اکسپریس، شالیمار۔ چینائی سنٹرل کورا منڈل اکسپریس اور ایک مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔

عہدیداروں نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 12864 بنگلورو۔ ہوڑہ ٹرین جو ہوڑہ جارہی تھی، ضلع بالا سور کے بہنگا بازار میں پٹری سے اترگئی اور متصل ٹریک پر گر پڑی۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پٹری سے اتری ہوئی کوچس 12841 شالیمار۔ سنٹرل کورا منڈل اکسپریس سے ٹکرا گئیں اور اس کی کوچس بھی الٹ گئیں۔

عہدیدار نے بتایا کہ ایک مال گاڑی بھی اس حادثہ میں شامل ہوگئی کیوں کہ کورا منڈل اکسپریس کی کوچس پٹریوں سے اترنے کے بعد اس کی ویاگنوں سے ٹکرا گئیں۔ یہ حادثہ شام تقریباً 7 بجے پیش آیا۔ عہدیداروں کے مطابق زائد از 350 افراد کو ضلع کے مختلف ہاسپٹلس میں شریک کرایا گیا ہے۔ تمام خانگی اور سرکاری ہاسپٹلس کو جن میں قریبی اضلاع اور ریاستی دارالحکومت بھوبنیشور کے ہاسپٹل بھی شامل ہیں، چوکس کردیا گیا ہے۔

اب تک الٹی ہوئی کوچس سے 70 نعشیں برآمد کی جاسکی ہیں۔ جائے واقعہ پر موجود پی ٹی آئی کے ایک رپورٹر نے بتایا کہ کئی افراد پٹری سے اتری ہوئی کوچس کے نیچے پھنسے/دبے ہوئے ہیں اور مقامی عوام انھیں بچانے میں ہنگامی خدمات کے عملہ کی مدد کررہے ہیں لیکن تاریکی کی وجہ سے اس کارروائی میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے بتایا کہ وہ جائے حادثہ کو روانہ ہورہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کی پرارتھنا کرتا ہوں، سوگوار خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتا ہوں۔ بھوبنیشور اور کولکتہ سے بچاؤ ٹیموں، این ڈی آر ایف، ریاستی حکومت کی ٹیموں اور ایئرفورس کو بھی متحرک کردیا گیا ہے۔ بچاؤ کارروائی میں سب کی مدد لی جائے گی۔ انھوں نے مہلوکین کے رشتہ داروں کے لیے 10 لاکھ روپئے فی کس ایکس گریشیا، شدید زخمیوں کے لیے 2 لاکھ اور معمولی زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپئے معاوضہ کا اعلان کیا۔

چیف منسٹر اوڈیشہ نوین پٹنائک نے بتایا کہ انھوں نے صورتِ حال کا جائزہ لیا ہے اور ہفتہ کو علی الصبح جائے حادثہ پر پہنچیں گے۔ اوڈیشہ ڈیزاسٹر ریاپیڈایکشن فورس کے 4 یونٹوں، این ڈی آر ایف کے 3 یونٹوں کے علاوہ 60 ایمبولنسوں کے ذریعہ زخمیوں کو بچانے کی کارروائی کی جارہی ہے۔

حکومت ِ اوڈیشہ نے ہیلپ لائن 06782-262286 جاری کی ہے۔ ریلوے کی ہیلپ لائنس 033-26382217 (ہوڑہ)، 8972073925 (کھڑگ پور)، 8249591559 (بالا سور) اور 04425330952 (چینائی) ہیں۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے اس حادثہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، جس میں مغربی بنگال کے کافی لوگ شامل ہیں، کہا کہ وہ چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں کی مدد سے صورتِ حال پر نظر رکھ رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کی خاطر حکومت ِ اوڈیشہ اور ساؤتھ ایسٹرن ریلویز کے ساتھ تال میل کررہے ہیں۔ ہمارا ایمرجنسی کنٹرول روم 033-22143526 / 22535185 نمبروں کے ساتھ فوری متحرک کردیا گیا تھا۔ انھوں نے ٹوئٹ کیا کہ بچاؤ، برآمدگی، مدد اور امداد کے لیے ہماری تمام کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔

a3w
a3w